کون کہتا ہے محبت کی زباں ہوتی ہے ۔۔ ساحر ہوشیارپوری
کون کہتا ہے محبت کی زباں ہوتی ہے
یہ حقیقت تو نگاہوں سے بیاں ہوتی ہے
وہ نہ آئے تو ستاتی ہے خلش سی دل کو
وہ جو آئے تو خلش اورجواں ہوتی ہے
روح کو شاد کرے دل کو جو پُر نور کرے
ہر نظارے میں یہ تنویر کہاں ہوتی ہے
ضبطِ سیلابِ محبت کو کہاں تک روکے
دل میں جو بات ہو آنکھوں سے عیاں ہوتی ہے
زندگی اک سلگتی سی چِتا ہے ساحرؔ
شعلہ بنتی ہے نہ یہ بجھ کے دھواں ہوتی ہے
ساحر ہوشیارپوری

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔