کام جو سب سے کٹھن ہے، ان کی مدحت ہی تو ہے
پھر بھی میں مدحت سرا ہوں، یہ جسارت ہی تو ہے
……
ممتاز شاعر اور صحافی افسر صدیقی امروہوی کا یوم وفات
09 February 1984
(پیدائش: 9 دسمبر، 1896ء – وفات: 9 فروری، 1984ء)
——
افسر صدیقی امروہوی 9 دسمبر 1896ء کو امروہہ، اترپردیش، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ وہ شاعری میں مضطر خیرآبادی اور شوق قدوائی لکھنوی کے شاگرد تھے۔ 9 فروری 1984ء کو کراچی میں وفات پا گئے
منتخب کلام
….
لہجہ وہ ہے کہ مل نہیں سکتی کہیں مثال
خود قند خود ہی قند مکرر مرے حضور
…..
پھر خیال سرور کونین آیا ذہن میں
پھر بھری محفل میں دیوانے کو تنہا کردیا
…..
دھڑکنے کا سلیقہ بھی، حرارت بھی، عقیدت بھی
دلوں کو دل بناتی ہے محبت میرے آقا کی
……
ان کے نقش پا ڈھونڈو ان کے نقش پا چومو
اور ہے شریعت کیا، اور ہے طریقت کیا
——
کوئی رستہ ہو وہ دامانِ رحمت تھامنا ہوگا
شریعت میرے آقا کی، طریقت میرے آقا کی
………..
شرک کیا ہے؟ ہم سمجھتے ہیں، مگر اس در کے پاس
سر تو خود جھکتا ہے پیارے، سر جھکاتا کون ہے
——
اور کیا ہوتی گدائے مصطفی کی آرزو
آرزو میں آرزو بس خاک پا کی آرزو
——
ہر تعلق ٹوٹ سکتا ہے مگر وہ ربط خاص
جو جبین شوق کو اس نقش پا کے ساتھ ہے
……
کام بس اللہ کا ہے مدحت ذات رسول
اور کوئی جانتا کب ہے مقامات رسول
——
کوئی مداح کب سمجھا حقیقت میرے آقا کی
خدا واحد ہے جس نے کی ہے مدحت میرے آقا کی
——
کوئی بندہ سمجھ سکتا نہیں عظمت محمد کی
لہٰذا بس خدا کا کام ہے مدحت محمد کی
——
اللہ جانے عظمت کردار مصطفی
ہم کیا کریں گے مدحت سرکار مصطفی
…..
دیوبند اور بریلی میں مقید ہوجائے
اتنا چھوٹا نہیں اسلام رسول عربی
——
دیوبند اس کو بتاؤ یا بریلی تم کہو
ہم کو ساقی سے غرض ہے کچھ ہو مے خانے کا نام
——
تم ہی تم ہو کہ ہر اک سمت نظر آتے ہو
انجمن ہے نہ کہیں انجمن آرائی ہے
——
جذبِ الفت نے اٹھا کر رکھ دئیے تھے سب حجاب
جس طرف میں دیکھتا تھا آپ کی تصویر تھی
——
بتاؤں کیا کہ میں نے دامنِ گلشن میں کیا دیکھا
سناؤں کیا کہ آئی ان گلوں سے کس کی بُو مجھ کو
——
نغمۂ وحدت کا منظر کیوں نہ ہو سازِ حیات
جس قدر پردے ہیں سب میں ایک ہی آواز ہے
——
عشق ہو ملتفت کثرتِ بزمِ امکاں
یہ گوارا نہ کیا حسن کی یکتائی نے
——
اللہ عشق دے کہ بکھیڑے تمام ہوں
افسرؔ یہی دوائے غمِ روزگار ہے
——
بے کیف و بے خمار کٹیں صبح و شامِ عشق
افسرؔ وہ زندگی نہ دکھائے خدا مجھے
——
بات قابو کی نہیں عشق کا پنہاں ہونا
بوئے گُل کے لیے لازم ہے پریشاں ہونا
——
شکایت پر خفا کیوں ہو محبت کا تقاضا ہے
نہیں ہوتی شکایت تو محبت بھی نہیں ہوتی
——
موت سے چین کی امید ہو کیوں کر یارب
زندگی یاس میں کاٹی ہے تمنائی نے
——
