ڈاکٹر بشیر بدرکا یومِ پیدائش
Feb 15, 1935
ڈاکٹر بشیر بدر جدید اردو کے غزل گو شاعر ہیں۔ بشیر بدر 15 فروری 1935 کو کانپور (انڈیا) میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام سید محمد بشیر اور والد کا نام سید محمد نظیر ہے۔ انہوں نے 14 سال کی عمر میں ہائی اسکول فرسٹ ڈویژن میں پاس کیا اور پھر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایم۔اے کی ڈگری حاصل کی اس کے بعد دو سال تک محکمہ پولیس میں سب انسپکٹر رہے ،شاعری کا آغاز کرچکے تھے اور ’’کلاسیکیت ‘‘ اور ’’عصریت‘‘ ، آپ کے خاص موضوعاتِ سخن رہے ۔دو شعری مجموعے ’’ اکائی ‘‘ اور ’’ امیج ‘‘ شایع ہوئے اور مقبولیت سے ہمکنار ہوئے۔ڈاکٹر بشیر بدر میرٹھ یونیورسٹی میں شعبہ اردو سے منسلک رہے ۔زمانہ طالب علمی میں آپ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے میگزین ایڈیٹر بھی رہے 1999 میں ’’پدما شری ایوارڈ ‘‘ سے نوازے گئے ۔انڈیا ہی میں مقیم ہیں ۔
منتخب اشعار :
اجالے اپنی یادوں کے ہمارے ساتھ رہنے دو
نجانے کس گلی میں زندگی کی شام ہوجائے
……..
ابھی اس طرف نہ نگاہ کر میں غزل کی پلکیں سنوار لوں
میرا لفظ لفظ ہو آئینہ تجھے آئینے میں اُتار لوں
میں تما م دن کا تھکا ہو ا ، تُو تمام شب کا جگا ہوا
ذرا ٹھیر جا اسی موڑ پر تیرے ساتھ ترے ساتھ شام گزار لوں
کئی اجنبی تری راہ میں مرے پاس سے یوں گزر گئے
جنہیں دیکھ کر یہ تڑپ ہوئی ،ترا نام لے کے پکار لوں
کلیجہ تھام کر سنتے ہیں لیکن سن ہی لیتے ہیں
مِرے یاروں کو میرے غم کی تلخی بھی مزا دے ہے
