چِــیـن میں چُومتے نہیں ہیں
کہا تھا اُس نے
کہ چِین میں چومتے نہیں ہیں
کہا تھا میں نے کہ چومنا فطرتاً رَوا ہے
کہا تھا اُس نے کہ ہونٹ اُس کے
چُھوے نہیں ہیں کسی نے اب تک
کہا تھا میں نے ۔۔۔ یہ تجربہ خوش گوار ہو گا
وہ چپ رہی تھی تو پھول جیسے بدن کو
بانہوں میں بھر کے میں نے
بڑے تحمُّل سے
پنکھڑی جیسے نچلے لب کو
چُھواؑ تھا ہونٹوں سے
ایک لمحے کے لاکھویں حصّے کے لیے ہی !
وہ بند آنکھیں جھپک کے جیسے
طویل عرصے کی نیند سے چونک سی گئی تھی
رضا یہ ضمنی تھی، خود ارادی تھی
یا مولّف تھی اور بوسوں کے تجربےکی ۔۔۔۔۔۔
یہ میں نہیں جانتا تھا، لیکن
اُسے پتا تھا !
کہا تو تھا اُس نے
کہ چین میں چومتے نہیں ہیں !
( ســـتیـاؔ پال آنند )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔