منگل • 6 اکتوبر 2026ء

✦ منتخب غزلیں

چمن میں پھول کھلے ییں، بہار آئی ہے ہمارے زخمِ محبّ…


چمن میں پھول کھلے ییں، بہار آئی ہے
ہمارے زخمِ محبّت کی رونمائی ہے

مرے قریب نہ آو! کہ مصلحت ہے یہی
تمہارے قرب میں اندیشۂ جدائی ہے

ہوا ہے ذہن پہ حملہ غمِ زمانے کا
دہائی ہے غمِ جاناں، تری دہائی ہے

تمہارے حکم پہ ہم نے تمہیں بھی چھوڑ دیا
اب اِس کے بعد بھی الزامِ بے وفائی ہے؟

تمہیں نمودِ سحر بھی پسند، گُل بھی عزیز
ہمارے چاکِ گریباں میں کیا برائی ہے؟

ہم اب تو دھوپ بھی سہہ لیں گے، اِتنا کم تو نہیں
کہ تیرے سایۂ دیوار تک رسائی ہے

ہمارے واسطے دونوں بڑے معمّے ہیں
ترا مزاج، نہ دنیا سمجھ میں آئی ہے

صباؔ جو اُن کو سنانے کو ہم نے رکّھی تھی
وہ بات صرف اُنہیں کو نہیں سنائی ہے

(صباؔ اکبرآبادی)

انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی