چشم و ادا و غمزہ، شوخی و ناز، پانچوں
دُشمن ہیں میرے جی کے، بندہ نواز! پانچوں
کیا رنگِ زرد و گریہ ، کیا ضعف و درد و افغاں
افشا کریں ہیں مِل کر میرا یہ راز، پانچوں
نارِ فراق سے ہے، جوں شمع، دِل کو ہر شب
احراق و داغ و گریہ ، سوز و گداز، پانچوں
دیکھا ہے جب سے تُجھ کو، چھوڑا ہے زاہدوں نے
تقوی و ذکر و زہد و صوم و نماز، پانچوں
آرام و صبر و طاقت ہوش و حیا کہاں پھر
لے ساتھ دِل کے یہ بھی، اے عشوہ ساز، پانچوں
فرہاد و قیس و وامق، محمود و ماہ رُو بھی
رکھ بار مُجھ پہ سوویں، ہوں پا دراز، پانچوں
ہیں تیرے در پہ آ کر ہر ایک سر بسجدہ
لیلیٰ و مہر و عذرا، شیریں، ایاز، پانچوں
مت پُوچھ کارِ انشاؔ ہجر و وصال میں کُچھ
صبر و جنون و وحشت، عجز و نیاز، پانچوں
انشا اللہ خاں انشاؔ
المرسل: فیصل خورشید

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔