پیغام زندگی نے دیا موت کا مجھے
مرنے کے انتظار میں جینا پڑا مجھے
اس انقلاب کی بھی کوئی حد ہے دوستو
نا آشنا سمجھتے ہیں اب آشنا مجھے
کشتی پہنچ سکے گی یہ تا ساحل مراد
دھوکا نہ دے خدا کے لیے نا خدا مجھے
وہ طولِ عمر جس میں نہ ہو لطفِ زندگی
مل جائے مثلِ خضر تو کیا فائدہ مجھے
دوں تیرا ساتھ عمرِ رواں کس طریق سے
آنکھیں دکھا رہے ہیں ترے نقش پا مجھے
تخلیقِ کائنات کو سوچا کیا مگر
کچھ ابتدا ملی نہ صفیؔ انتہا مجھے
صفیؔ لکھنوی۔۔۔!!!
مزید پڑھیں: صفی لکھنوی کی غزلیں — Safi Lakhnavi Ghazals کی مزید غزلیں

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔