پہلو میں دل ہے دل میں تمنائے یار ہے
آئینہ ہے جہاں وہیں آئینہ دار ہے
چکر میں ہے سوار جو اس پر سوار ہے
کیا تیزگام ابلق لیل و نہار ہے
آہٹ پہ کان در پہ نظر بار بار ہے
کچھ خیر تو ہے کس کا تمہیں انتظار ہے
اک میں کہ مجھ سے سارے زمانے کو اختلاف
اک تم کہ تم پہ ساری خدائی نثار ہے
تم شوق سے جفا کئے جاؤ ستم کرو
یہ کس نے کہہ دیا کہ مجھے ناگوار ہے
یُوں جا رہا ہوں داوَرِ محشر کے سامنے
سینہ پہ ہاتھ، ہاتھ میں تصویرِ یار ہے
دامن کسی کا چھوتے ہی معراج ہو گئی
مشتِ غبار دوشِ ہوا پر سوار ہے
جھگڑا چکائیں جان ہی دیدیں فراق میں
ہونا تو ایک دن یہی انجامِ کار ہے
کس کو سنا رہی ہے صبا مژدہ بہار
ہم کیا کریں جو آمدِ فصلِ بہار ہے
نیرنگِ روزگار پہ کس کی نظر نہیں
ہر آنکھ اک مرقع لیل و نہار ہے
بیدم ملے جو مجمع احباب دلنواز
پھر تو خزاں بھی ہو تو ہماری بہار ہے
سراج الشعراء بیدم شاہ وارثی
از:-مصخف بیدم ص ۵۸
انتخاب
سفیدپوش

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔