پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پہلو میں تھی بہار ابھی کل کی بات ہے دِل تھام حر…

پہلو میں تھی بہار ابھی کل کی بات ہے
دِل تھام حریمِ یار ابھی کل کی بات ہے

وہ مل گئے تو ہم کو ہوئی قدرِ زندگی
جینا تھا ناگوار ابھی کل کی بات ہے​

وہ شدتِ الم ہے کہ اب آنکھیں نم نہیں
رہتے تھے اشکبار ابھی کل کی بات ہے

جھپکی جو ذرا آنکھ تو پہلو سے دل گیا
کتنا تھا اعتبار ابھی کل کی بات ہے

بیٹھے ہیں آج دردِ محبت پہ مطمئن
آتا نہ تھا قرار ابھی کل کی بات ہے

اب ایک برہمی کے سزاوار بھی نہیں
حاصل تھا ان کا پیار ابھی کل کی بات ہے

کرتے ہیں آج طنز قبائے بہار پر
دامن تھا تار تار ابھی کل کی بات ہے

وہ آ گئے قریب تو محسوس یہ ہوا
برسوں کا انتظار ابھی کل کی بات ہے

اقبالؔ آج غُنچہ و گُل پر بھی حق نہیں
اپنی ہی تھیں بہار ابھی کل کی بات ہے

اقبالؔ صفی پوری

المرسل: فیصل خورشید