پناہ کیا مجھے دے گا، نگار خانہ کوئی
تمہارے عشق سے بہتر نہیں، ٹھکانہ کوئی
وہ داستان تو ہے ختم ہونے والی، مگر
ہوں منتظر کہ سُنوں، حرفِ محرمانہ کوئی
میں چوبِ خشک ہوں یا کوئی سنگ ہوں شاید
مجھے نہ اپنی طرف کھینچے، آستانہ کوئی
ہے دن کا تازہ ثمر، رس نچوڑ کر دیکھو
اگر نصیب نہیں، عشرتِ شبانہ کوئی
وہ، جس سے ہو گئیں منسوب، داستانیں ہزار
اُسی نگر میں ہمارا بھی تھا، فسانہ، کوئی
میں کس خلا میں، ادھورا پڑا ہُوا ہوں، ظفرؔ
نہیں ہے میرا زمانہ، اگر زمانہ کوئی
صابر ظفرؔ
المرسل: فیصل خورشید

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔