پروفیسر حسین سحرؔ کا یومِ ولادت 10؍اکتوبر 1942 ن…


پروفیسر حسین سحرؔ کا یومِ ولادت
10؍اکتوبر 1942
نام خادم حسین اور تخلص سحرؔ تھا۔ 10؍اکتوبر 1942ء کو ضلع فیروزپور کے قصبے جلال آباد، پنجاب، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ پاکستان بننے کے بعد پہلے بھارت سے قصور پہنچے اور پھر مارچ 1948ء میں ملتان گئے۔ ان کے والد برکت علی بھی پنجابی کے شاعر تھے۔ ایک طویل عرصہ تک سحرؔ ررومانی کے نام سے پہچانے گئے۔ 1958ءمیں ایمرسن کالج، ملتان میں داخلہ لیا اور کالج میگزین نخلستان کے ایڈیٹر بنے۔ پروفیسر حسین سحرؔ کو ان کی دینی خدمات پر دو مرتبہ صدارتی ایوارڈ دیا گیا۔ 15؍ستمبر 2016ء کو حرکت قلب بند ہو جانے سے ملتان میں انتقال کر گئے۔
منتخب کلام
کرن کرن کے درخشندہ باب میرے ہیں
تمام روشنیوں کے نصاب میرے ہیں
شبوں کے سبز جزیرے ہیں سب مری اقلیم
تمام جاگتی آنکھوں کے خواب میرے ہیں
میں ہوں تمام دھڑکتے دلوں کا شیدائی
یہ آبگینے یہ نازک حباب میرے ہیں
تمام عمر تخاطب مرا مجھی سے رہا
سوال میں نے کئے ہیں جواب میرے ہیں
خدائے دشت کی تقسیم پر میں راضی ہوں
کہ آب پارے ترے ہیں سراب میرے ہیں
نصیب آج ہیں کانٹے اگر تو کیا غم ہے
نئی رتوں کے شگفتہ گلاب میرے ہیں
میں آفتاب کے مانند ہوں نقیب سحرؔ
سیاہیوں پہ سبھی احتساب میرے ہیں
—
اتنی سی اس جہاں کی حقیقت ہے اور بس
گفتار زیر لب ہے سماعت ہے اور بس
کیوں آشنائے چشم ہو دیدار حسن کا
یہ گریہ آزمائی تو عادت ہے اور بس
اتنے سے جرم پر تو نہ مجھ کو تباہ رکھ
تھوڑی سی مجھ میں تیری شباہت ہے اور بس
اس کو جزا سزا کے مراحل میں دے دیا
جس پاس ایک عمر کی مہلت ہے اور بس
آیا جو دور دشت اچانک ہی سامنے
ایسا لگا کہ تیری اجازت ہے اور بس
ہم نے کہا کہ ختم ہوئے سب معاملات
دل نے کہا کہ کیا ہے؟ قیامت ہے! اور بس
آئینہ دار ہوں کہ ترا پردہ دار ہوں
پیش نگاہ تیری محبت ہے اور بس
—
بُجھتا ہوا دیا یہ سزا دے گیا مجھے
میں شعلہ جنون تھا ، ہوا دے گیا مجھے
رنگوں میں ایک چاند سا پیکر بکھر گیا
پانی میں اُس کا عکس مزا دے گیا مجھے
میں لہلہاتی شاخ کو سمجھا تھا زندگی
پَتّا گرا تو درس فنا دے گیا مجھے
سورج کی چند جاگتی کرنوں کا قافلہ
خوابیدہ منزلوں کا پتہ دے گیا مجھے
خوشبو کا ایک نرم سا جھونکا بہار میں
گزرے ہوئے دنوں کی صدا دے گیا مجھے
میرے لیے تو سانس بھی لینا محال ہے
یہ کون زندگی کی دعا دے گیا مجھے
میں خاموشی کا پیکر بے رنگ تھا سحرؔ
اک شخص بولنے کی ادا دے گیا مجھے
…………………………