پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پرتو روہیلہ کی وفات September 29, 2016 اردو کے …

پرتو روہیلہ کی وفات
September 29, 2016

اردو کے ممتاز محقق، دانشور’ شاعر اور مترجم/غالب کے فارسی مکتوبات کے اردو ترجمے اور اپنے ”دوہے” کے لیے مشہور

جناب پرتو روہیلہ کا اصل نام مختار علی خان تھا ۔ وہ 23 نومبر 1932ءکو روھیل کھنڈ (یوپی بھارت) کے مشہورشہر بریلی میں ایک پٹھان زمیندار گھرانے میں پیدا ہوئے۔ نسبی تعلق حافظ رحمت خان والئی روھیل کھنڈ سے ہونے کے سبب اپنے نام کے ساتھ ہمیشہ روہیلہ بھی لکھتے تھے۔ چنانچہ ادبی نام پرتو روہیلہ ٹھہرا۔ بزرگوں نے تحریک پاکستان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔1950 میں خاندان کے ساتھ پاکستان آگئے۔ مستقر بنوں صوبہ پختونخوا تھا۔ اسلامیہ کالج پشاور، لاء کالج پشاور اور پشاور یونیورسٹی سے بی اے آنرزایم اے ایل ایل بی کیا۔ مقابلے کے امتحان میں منتخب ہو کر 1957میں پاکستان ٹیکسیشن سروس میں شامل ہوئے جہاں سے 1993 میں بحیثیت ممبر سنٹرل بورڈ آف ریونیو ریٹائر ہوئے۔ چند سال وزیراعظم معائنہ کمیشن میں بھی رہے۔
ملازمت سے سبک دوشی کے بعد انہوں نے غالب کے فارسی مکتوبات کی طرف توجہ دی اور غالب کے سارے فارسی مکتوبات کو انتہائی دل کش اردو میں ترجمہ کر نے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس کے علاوہ غالب کے مشکل اشعار کی ایک شرح اور غالب پر چند مقالے بھی ان کی تصنیفات میں شامل ہیں۔ شعری مجموعے ایک دیا دریچے میں ، آواز ، شکست رنگ، سفر دائروں کا ، رین اجیارا ، نوائے شب اور پرتو شب کے نام سے اور کلیات دام خیال کے نام سے شائع ہوچکے ہیں ۔سفر گزشت کے نام سے امریکا کا سفرنامہ تحریر کیا۔
1406ھ میں اکادمی ادبیات پاکستان نے نوائے شب پر ڈاکٹر محمد اقبال ایوارڈ عطا کیا، 23 مارچ 1994 کو حکومت پاکستان نے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا جبکہ 2008 میں انھیں ستارہ امتیاز بھی عطا کیا گیا تھا ۔

پرتو روہیلہ 29 ستمبر 2016 کو طویل علالت کے بعد اسلام آباد میں وفات پاگئے ۔

آنکھ سے اوجھل ہو اور ٹوٹے پربت جیسی پریت
منہ دیکھے کی یاری پرتوؔ شیشہ کی سی پریت
….
ساجن تم تو آپ ہی بھولے اپنے پریت کے بول
اب میں کس کے دوارے جاؤں لے چاہت کشکول
……
تیرے ملن کا سکھ نہ پایا پیت ہوئی جنجال
ساجن میرے من میں دھڑکے برہا کا گھڑیال
….
بشکریہ: عقیل عباس جعفری