پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پرایا کون ہے اور کون اپنا سب بھلا دیں گے متاعِ زند…

پرایا کون ہے اور کون اپنا سب بھلا دیں گے
متاعِ زندگانی ایک دن ہم بھی لٹا دیں گے

تم اپنے سامنے کی بھیڑ سے ہو کر گزر جاؤ
کہ آگے والے تو ہرگز نہ تم کو راستہ دیں گے

جلائے ہیں دئے تو پھر ہواؤں پر نظر رکھو
یہ جھونکے ایک پل میں سب چراغوں کو بجھا دیں گے

کوئی پوچھے گا جس دن واقعی یہ زندگی کیا ہے
زمیں سے ایک مٹھی خاک لے کر ہم اڑا دیں گے

گِلہ، شکوہ، حسد، کینہ کے تحفے میری قمست ہیں
مرے احباب اب اس سے زیادہ اور کیا دیں گے

مسلسل دھوپ میں چلنا، چراغوں کی طرح جلنا
یہ ہنگامے تو مجھ کو وقت سے پہلے تھکا دیں گے

اگر تم آسماں پر جا رہے ہو، شوق سے جاؤ
مرے نقشِ قدم آگے کی منزل کا پتا دیں گے

(انور جلال پوری)

مزید پڑھیں: انور جلال پوری کی غزلیں — Anwar Jalalpuri Ghazals کی مزید غزلیں