پتھر سے وصال مانگتی ہوں
میں آدمیوں سے کٹ گئی ہوں
معروف شاعرہ، فکشن نگار اور مترجم محترمہ فہمیدہ ریاض اب ہم میں نہیں
رہیں ۔ وہ کچھ مہینوں سے شدید علیل تھیں اور اپنی بیٹی کے ہاں لاہور میں مقیم تھیں
انا للہ و انا الیہ راجعون
فہمیدہ ریاض کا جنم 28 جولائی 1946 کو میرٹھ ہندوستان کے علمی ادبی گھرانے میں ہوا اُن کے والد ریاض الدین احمد ماہرِ تعلیم تھے تقسیم سے پہلے ہی اُن کا خاندان حیدر آباد سندھ میں قیام پذیر ہوا فہمیدہ نے بچپن میں سندھی زبان سیکھی اور سندھی ادب کا مطالعہ بھی کیا فہمیدہ ریاض زمانہ طالب علمی سے طلبہ کی سیاسی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہیں وہ ایوب خان کے مارشل لاء کے زمانے میں طلبہ یونین پر پابندی کے خلاف لکھتی رہیں 1967 میں شادی کے بعد وہ انگلستان چلی گئیں وہاں بی بی سی کی اردو سروس سے وابستہ رہیں بعد میں پاکستان واپسی پر انہوں نے ایک پبلشنگ ہاؤس کھول لیا اور ایک رسالہ آواز کے نام سے جاری کیا لیکن حکومتی پالیسیوں پر تنقید کے جرم میں ان پر 14 مقدمات قائم ہوئے 1977 میں ضیاء الحق کے مارشل لاء لگانے کے بعد سختیوں سے تنگ اکر انہوں نے مارچ 1981 میں شوہر کے ہمراہ جلاوطن اختیار کرلی اور وہ بھارت چلی گئیں اور ضیاء الحق کی موت تک دہلی میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ساتھ بطور پوئٹ ان ریذیڈنس‘ وابستہ رہیں جہاں سے وہ دسمبر 1988 میں واپس پاکستان آئی۔ فہمیدہ ریاض کی پہلی نظم پندرہ سال کی عمر میں احمد ندیم قاسمی صاحب کے رسالے فنون میں شائع ہوئی۔بائیس سال کی عمر میں اُن کا پہلا شعری مجموعہ منظرِ عام پر آیا فہمیدہ کی شاعری کو غیر شائستہ قرار دیا جاتا رہا کیونکہ انہوں نے جنس، تخلیق اور بہت سے ایسے موضوعات پر لکھا ہے۔ فہمیدہ کی شاعری میں مشرقی عورت کی مجبوریاں بھی نظر آتی ہیں اور بیسویں صدی کی عورت کی روایات سے آزاد اور خود مختار ہونے کی خواہش بھی۔ اُن کا خواب ایک ایسا معاشرہ ہے جہاں عورت اور مرد کو برابری مل سکے جہاں عورت دوسرے درجے کی محکوم نہ ہو۔ انہوں نے سندھی شاعر شیخ ایاز کے کلام کا اردو میں ترجمہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ مثنوی مولانا روم کا پہلی بار فارسی سے اردو میں ترجمہ کیا.

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔