وہ ہم سے دور ہوتے جا رہے ہیں
بہت مغرور ہوتے جا رہے ہیں
بس اِک ترکِ محبّت کے ارادے
ہمیں منظور ہوتے جا رہے ہیں
مناظر تھے جو فردوسِ تصوّر
وہ سب مستور ہوتے جا رہے ہیں
بدلتی جا رہی دل کی دُنیا
نئے دستور ہوتے جا رہے ہیں
بہت مغموم تھے جو دیدہ و دل
بہت مسرُور ہوتے جا رہے ہیں
وفا پر مردنی سی چھا چلی ہے
ستم کا نور ہوتے جا رہے ہیں
کبھی وہ پاس آئے جا رہے تھے
مگر اب دور ہوتے جا رہے ہیں
فراق و ہجر کے تاریک لمحے
سراپا نُور ہوتے جا رہے ہیں
شکیل احساسِ گمنامی سے کہدو
کہ ہم مشہور ہوتے جا رہے ہیں
شکیل بدایونی
از:-کلیاتِ شکیل بدایونی ص ۲۱۵/۲۱۶
انتخاب
سفیدپوش

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔