پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وہ ہزار چشمی بلا تھی جو مجھے کھا گئی مرے پھول مجھ …

وہ ہزار چشمی بلا تھی جو مجھے کھا گئی
مرے پھول مجھ کو پکارتے ہوئے رہ گئے
دانیال طریر کا یومِ وفات
July 31, 2015
بہت اچھے شاعر دانیال طریر آج کے دن کینسر کے موذی مرض سے لڑتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے ۔
..
مر گیا رات کو برف اوڑھے ہوئے ایک فٹ پاتھ پر
وہ جو کہتا رہا لفظ دو عمر بھر، شانتی، فاختہ
میں تھا شاعر مجھے شہر آشوب لکھنے تھے لکھتا رہا
تیری قسمت میں لکھے گئے کیوں کھنڈر سندری فاختہ
….
دانیال طریر کے غیر مطبوعہ کلام میں سے ایک غزل

نظر کے زاغ ارمانوں کے کرمک مر چکے ہوں گے
یہ جتنے روگ بھی ہیں مجھ کو لاحق مر چکے ہوں گے
یہ ہم جو خود سے لڑنے کے لیے خندق بناتے ہیں
سمجھتے ہیں کسی دن زیرِخندق مر چکے ہوں گے
چٹائی اور ہکّے روئیں گے تنہائی کو اپنی
لگائے بیٹھے ہیں جو لوگ بیٹھک مر چکے ہوں گے
وہ آئے گا کہ جس کا ذکر آیا ہے کہانی میں
وہ آئے گا مگر ہم لوگ تب تک مر چکے ہوں گے
یہ میلے اور بزم آرائیاں باقی رہیں شاید
پہ یہ جو قہقہے ہیں وجہِ رونق مر چکے ہوں گے
ہر اک سو خواب لے لو، خواب لے لو کی صدا ہو گی
مگر بازار بھر کے سارے گاہک مر چکے ہوں گے
یہ آنکھیں خشک ہوجائیں گی جو آنسو بہاتی ہیں
یہ دل جو سینوں میں کرتے ہیں دھک دھک مر چکے ہوں گے
ہتھیلی پر حنا زندہ رہے گی اور مہکے گی
حویلی، روشنی، شہنائی،ڈھولک مر چکے ہوں گے
سیہ آہن کے دروازوں کو وا ہونا نہ آئے گا
سنہرے ہاتھ جو دیتے ہیں دستک مر چکے ہوں گے
اسی دن آخری سورج لکھے گا شام زندہ باد
وہ دن جس دن درندے اور دیمک مر چکے ہوں گے
مگر افسوس، صد افسوس، صد ہا اور صد ہا ہا
کنواں چلتا رہے گا اور مینڈک مر چکے ہوں گے
…………………..