پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وہ شام تھی کتنی مست بے خود، جو مجھ کو بے خود بنا ر…

وہ شام تھی کتنی مست بے خود، جو مجھ کو بے خود بنا رہی تھی
اِک آگ دل کی بجھا رہی تھی اِک آگ دل میں لگا رہی تھی

نفس میں حل ہو رہی تھیں پیہم ہوا کی پر کیف و نرم لہریں
فضا کی مستی سمٹ سمٹ کر دل و نظر میں سما رہی تھی

دھواں دھواں تھا شفق کا چہرہ بجھی بجھی تھیں سنہری کرنیں
ہر ایک شے میں تھی بے خودی سی ہر ایک شے سوئی جا رہی تھی

دھنک کی رنگین دھاریوں پر بھی ڈال دی تھی گھٹا نے چادر
گھٹا کی چادر میں بھی مچلتی ہوئی دھنک جگمگا رہی تھی

نہ شام تھی وہ نہ جھٹپٹا تھا، اٹھی تھی اِک بھاپ میکدہ سے
جو رنگ بن کر برس رہی تھی جو خامشی بن کے چھا رہی تھی

اسی لطیف اور خنک ہوا میں، اسی جمیل اور حسیں فضا میں
کھڑی ہوئی رہگذر پہ کوئی جواں فسوں ساز گا رہی تھی

وہ بانسری کی لطیف لہریں، لطیف لہروں میں اس کے نغمے
زمانہ مسحور ہو رہا تھا خدائی ہچکولے کھا رہی تھی

نظر میں موسیقیت تھی لرزاں مچل رہے تھے نفس میں نغمے
شباب بھی گنگنا رہا تھا، حیات بھی گنگنا رہی تھی

نِگاہ نغمہ، خرام نغمہ، کلام نغمہ، پیام نغمہ
ہوا میں نغمے سمو رہی تھی فضا میں نغمے گھلا رہی تھی

سلونے ہونٹوں کی لرزش میں تھی پر فشاں روح میکدے کی
نظر کی سرشاریوں میں تخیلِ سامری تھرتھرا رہی تھی

اسی کے جلوے، اسی کا پرتو، اسی کے نغمے، اسی کا جادو
اسی کی دنیا بسی ہوئی تھی جدھر وہ نظریں اٹھا رہی تھی

دلوں کی حالت بھی دیدنی تھی، رخوں کی رنگت بھی دیدنی تھی
کبھی کوئی لہر آ رہی تھی کبھی کوئی لہر جا رہی تھی

ادا میں نرمی، نوا میں نرمی، نِگہ میں نرمی، مژہ میں جادو
ہر اِک کو مست و خراب کر کے ہر ایک پر مسکرا رہی تھی

کبھی نظر سے نظر ملا کر، کبھی نظر سے نظر ہٹا کر
ڈبو رہی تھی، مٹا رہی تھی، پلا رہی تھی، چھکا رہی تھی

ہر اِک سے بیگانہ بن رہی تھی دلوں کو دے دے کے نرم جھٹکے
نہ میں کسی کی نہ کوئی میرا، یہ اجنبیت بتا رہی تھی

لبوں پہ جاں کھنچ کے آ گئی تھی بگڑ چلا تھی نظامِ ہستی
وہ مست لہروں میں بانسری کی دلوں کو جھولا جھلا رہی تھی

کہیں وہی شام آئے کیفیؔ، میں ڈوب جاؤں وہ گائے کیفیؔ
اسی طرح پھر مٹائے کیفیؔ کہ جس طرح سے مٹا رہی تھی

کیفیؔ اعظمی