پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وقت کا مقناطیس نصف صدی کے بعد بھی وہ ویسا ہی تھا …

وقت کا مقناطیس

نصف صدی کے بعد بھی وہ ویسا ہی تھا
جیسا نصف صدی سے پہلے
وقت کا مقناطیس کھینچے رکھتا ہے
طنابیں سانسوں کی
فرق بس اتنا تھا کہ
سیاہ بالوں میں
سفیدی کی لکیریں ابھر آئی تھیں
اور یادوں کے کسی فرشتے نے
چند پرانی تصویرں اور
بہت سے پرانے گانے
یو ٹیوب سے کھینچ کر
اسکی شاموں کی بساط پر
انڈیل دیۓ تھے
جنہیں وہ اکیلا اپنی ٹیرس پر
دیر رات تک گنگناتا رہتا تھا
بے وجہ
دسمبر کی خاموش تاریکی اور
منجمد کہرے کی سنسان گپھاؤں میں
ڈھونڈتا رہتا تھا
ماضی کے استعاروں سے
مستقبل کے لئے کسی غزل کے قافیۓ
یا پھر اپنے اکیلے پن کو
اس نصف صدی کے
خالی دریچوں میں سجا رہا تھا
پرانے گیتوں کو گنگناتے ہوۓ

جگدیش پرکاش