نہ وہ سِن ہے فرصتِ عشق کا نہ وہ دن ہیں کشفِ جمال کے
مگر اب بھی دل کو جواں رکھے وہی شعبدے خد و خال کے
یہ جو گرد بادِ حیات ہے کوئی اس کی زَد سے بچا نہیں
مگر آج تک تیری یاد کو میں رکھوں سنبھال سنبھال کے
میں امین و قدر شناس تھا مجھے سانس سانس کا پاس تھا
یہ جبیں پہ ہیں جو لکھے ہوئے یہ حساب ہیں مہ و سال کے
وہ کبھی شفق کا فسوں کہیں، کبھی گل کہیں کبھی خوں کہیں
کہ ہیں میری صبحِ عروج میں ابھی رنگ شمعِ زوال کے
شبِ تار سے نہ ڈرا مجھے اے خدا جمال دکھا مجھے
کہ تیرے ثبوت ہیں بیشتر تیری شانِ جاہ و جلال کے
کوئی کوہکن ہو کہ قیس ہو کوئی میر ہو کہ ندیم ہو
سبھی نام ایک ہی شخص کے سبھی پھول ایک ہی ڈال کے
(احمد ندیم قاسمی)
المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی(بھٹکلی)
جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔