پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نہ قرار ہو جسے یک نفس، وہ ہنسی وبال سے کم نہیں نہ …

نہ قرار ہو جسے یک نفس، وہ ہنسی وبال سے کم نہیں
نہ ثبات ہو جسے دو گھڑی، وہ خوشی ملال سے کم نہیں

جسے دن کو چین نہ رات کو، جو ترس رہا ہے حیات کو
وہ ہے بادشاہ تو کیا مگر، کسی خستہ حال سے کم نہیں

ملے نانِ خشک تجھے اگر، ہو قناعت اس پہ تجھے مگر
تری مفلسی ہے وہ گنجِ زر، جو کسی کے مال سے کم نہیں

جو خودی سے چور کرے تجھے، جو خدا سے دور کرے تجھے
وہ ترے عروج کی انتہا، بہ قسم زوال سے کم نہیں

مری بیخودی کا مذاق اڑا نہ جہاں میں واعظِ خوش نوا
مرے ذوق و حال کی لذتیں، تری قیل و قال سے کم نہیں

تجھے عکسِ ابروئے یار ہی پہ ہلالِ چرخ کا ہے گماں
مجھے عکسِ ناخنِ یار بھی ، بہ خدا زوال سے کم نہیں

جسے نیک و بد کی تمیز ہے ، غمِ آخرت ہی عزیز ہے
غمِ دنیوی تو یہ اے جواں ! غمِ پیرزال سے کم نہیں

نہ سکوں ہو گر کسی حال میں، تجھے فکرِ دولت و مال نہیں
تری زیست قید سے کم نہیں، تری حرص جال سے کم نہیں

کبھی چھپ سکے گی نہ باغباں، ترے ظلم و جور کی داستاں
کہ اب ایک برگ بھی باغ کا تو ۔زبانِ حال سے کم نہیں

ہے زمانہ تیغ بکف تو کیا، مرے دوست ! مجھ کو نہ تو ڈرا
مجھے اس کے فضل کا آسرا، بہ قسم کہ ڈھال سے کم نہیں

جو ستم کشوں کے ہر ایک غم میں چھپی ہیں برق مسرتیں
تو ستم گروں کی مسرتیں ، غمِ انفعال سے کم نہیں

(رحمت الہی برق)
….
بشکریہ ابوالحسن علی