پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نہ آئیں وہ تو کوئی موت کا پیغام آ جائے وہی اپنا ہے…

نہ آئیں وہ تو کوئی موت کا پیغام آ جائے
وہی اپنا ہے آڑے وقت پر جو کام آ جائے

شبِ فرقت قیامت اے دلِ ناکام آ جائے
اگر جل کر بھڑکنے پر چراغِ شام آ جائے

کہیں پر بیٹھ جا کیا دیکھتا ہے بزمِ ساقی میں
خدا معلوم پہلے کس طرف سے جام آ جائے

فسانہ کہہ رہے ہیں آج وہ اپنی محبّت کا
خدا ایسا کرے میرا کہیں پر نام آ جائے

خدا معلوم اُس طائر کے دل پر کیا گزرتی ہے
جو پر تولے ہوئے ہو اور زیرِ دام آ جائے

قمر اک دن سفر میں خود ہلالِ عید بن جاؤں
اگر قبضے میں میرے گردشِ ایّام آ جائے

استاد قمر جلالوی

از:-رشکِ قمر ص ۲۲

انتخاب
سفیدپوش