نقش لائلپوری
22 جنوری: یومِ وفات
(ولادت: 24 فروری 1928ء – وفات: 22 جنوری 2017ء)
نقش لائلپوری کا اصل نام جسونت رائے شرما ہے۔ وہ 24 فروری 1928ء کو متحدہ ہندوستان کے شہر لائلپور (موجودہ فیصل آباد) میں ایک برہمن خاندان میں پیدا ہوئے۔
منتخب اشعار
ہم نے کیا پا لیا ہندو یا مسلماں ہو کر
کیوں نہ انساں سے محبت کریں انساں ہو کر
—
نام ہونٹوں پہ ترا آئے تو راحت سی ملے
تو تسلی ہے دلاسہ ہے دعا ہے کیا ہے
—
یہ انجمن یہ قہقہے یہ مہوشوں کی بھیڑ
پھر بھی اداس پھر بھی اکیلی ہے زندگی
—
کسی کے ہجر سے آگے بڑھی نہ عمر مری
وہ رات بیت گئی نقشؔ رتجگا نہ گیا
—
جب دردِ محبت کا مرے پاس نہیں تھا
میں کون ہوں کیا ہوں مجھے احساس نہیں تھا
—
رات کتنی اداس بیٹھی ہے
چاند نکلا تو سو گئیں آنکھیں
—
کیوں زہر بنا اس کا تبسّم میرے حق میں
اے نقشؔ وہ اک دوست تھا الماس نہیں تھا
—
مری پہچان ہے شعر و سخن سے
میں اپنی قدر و قیمت جانتا ہوں
—
اپنی بھیگی ہوئی پلکوں پہ سجا لو مجھ کو
رشتۂ درد سمجھ کر ہی نبھا لو مجھ کو
—
پلٹ کر دیکھ لینا جب سدا دل کی سنائی دے
میری آواز میں شاید مرا چہرہ دکھائی دے
—
زہر دیتا ہے کوئی کوئی دوا دیتا ہے
جو بھی ملتا ہے مرا درد بڑھا دیتا ہے
—
مانا تری نظر میں ترا پیار ہم نہیں
کیسے کہیں کہ تیرے طلب گار ہم نہیں
—
بن گئی نقشؔ جو سرخی ترے افسانے کی
وہ شفق ہے کہ دھنک ہے کہ حنا ہے کیا ہے
….
یہ ملاقات اک بہانہ ہے
پیار کا سلسلہ پرانا ہے
دھڑکنیں دھڑکنوں میں کھو جائیں
دل کو دل کے قریب لانا ہے
پیار کا سلسلہ پرانا ہے
یہ ملاقات اک بہانہ ہے
میں ہوں اپنے صنم کی بانہوں میں
میرے قدموں تلے زمانہ ہے
پیار کا سلسلہ پرانا ہے
یہ ملاقات اک بہانہ ہے
خواب تو کانچ سے بھی نازک ہیں
ٹوٹنے سے انہیں بچانا ہے
پیار کا سلسلہ پرانا ہے
یہ ملاقات اک بہانہ ہے
مَن میرا پیار کا شِوالا ہے
آپ کو دیوتا بنانا ہے
پیار کا سلسلہ پرانا ہے
یہ ملاقات اک بہانہ ہے
……………………….
…………………………….
