نعت رسول کریم ﷺ
بلند ہاتھ میں کاسہ ہے دستِ خالی کا
حرم کی سمت سفر ہے یہ مجھ سوالی کا
کبھی کبھی مری آنکھوں میں آکے دیکھتی ہے
یہ اشتیاق عجب ہے لہو کی لالی کا
یہ واقعہ ہے کہ سارے جہاں میں شہرہ ہے
حضور ﷺؐ آپ ﷺ کے صحرا کی خوش جمالی کا
خیال بس میں نہیں، لفظ دسترس میں نہیں
قصیدہ کیسے کہوں پیکرِ ؐ مثالی کا
مجال کیاکہ سمندر کو میں سمیٹ سکوں
کہ میرا ظرف ہے ٹوٹی ہوئی پیالی کا
ملالِ بے ہنری کیا چھپاؤں آپ ﷺ سے میں
کہ مجھ کو رنج ہے خود اپنی بے کمالی کا
میں اپنے کرب کو سب سے زیادہ جانتا ہوں
سو ترجمان ہوں اپنی ہی خستہ حالی کا
کسے بتاؤں کہ برگ و ثمر کے ہوتے ہوئے
مری زمین پہ موسم ہے خشک سالی کا
حضور ﷺؐ وہ بھی تو اک چوبِ خشک تھی جس کو
ملا تھا آپ ﷺ سے رتبہ مقامِ عالی کا
حضور ﷺ میں بھی تو سوکھے شجر کی صورت ہوں
مجھے بھی خوف ہے لوگوں سے پائمالی کا
حضور ﷺ آپ ﷺ نے تو گردنیں چھڑا دی تھیں
مجھے بھی حکم ہو پھر سے مری بحالی کا
حضور ﷺ میں نے سنا ہے کہ آپ ﷺ کے در سے
سوال رد نہیں ہوتا کسی سوالی کا
(سعود عثمانی)
انتخاب :-: اطوالحسن علی ندوی