پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نعتِ رسول مقبول ﷺ – ادا جعفری یہ عجیب راستے ہیں ک…

نعتِ رسول مقبول ﷺ – ادا جعفری

یہ عجیب راستے ہیں کوئی ہمسفر کہاں ہے
میں تو خود کو چھوڑ آئی یہ نبیﷺ کا آستاں ہے

یہ دیارِ مصطفی ہے یہاں وقت رک گیا ہے
اسی در پہ روشنی ہے اسی چھاؤں اماں ہے

یہاں عجز کے مراتب یہاں آرزو بھی منصب
بڑا خوش نصیب ہے جو پسِ گردِ کارواں ہے

یہ مقام ہے ادب کا نہ اٹھا سکی ہوں پلکیں
جو چھلک گیا ہے آنسو وہ متاعِ عرضِ جاں ہے

وہ حریمِ پاک ہے یہ جہاں رفعتیں جھکی ہیں
یہ وقارِ ہر دو عالم یہ جمالِ ہر زماں ہے

یہ تجلیوں کا عالم مجھے کیا خبر کہاں ہوں
جو ادا نہ ہو زباں سے وہی حرف ترجماں ہے