پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

**نعتِ رسول مقبول ** ارم زہرا مری منزل کا حاصل گر…

**نعتِ رسول مقبول ** ارم زہرا

مری منزل کا حاصل گر مدینہ آگیا ہوتا
مجھے بھی جینے کا کچھ تو قرینہ آگیا ہوتا

مرے دل کی زمیں ایسے منور ہوگئی ہوتی
مری زنبیل میں کوئی نگینہ آگیا ہوتا

مجھے شہرِ نبی ﷺسے کوئی بھی سوغات مل جاتی
مرے ہاتھوں جہاں بھر کا خزینہ آگیا ہوتا

ابھی دربارِ نبوی سے بلاوہ ہی نہیں آیا
وگرنہ مجھ کو لینے بھی سفینہ آگیا ہوتا

مدینے کے سفر میں جب مرا پہلا قدم اٹھتا
مرے آگے بلندی کا وہ زینہ آگیا ہوتا

مدینے کی گلی میں گر بسر شام و سحر ہوتے
ارمؔ تجھ کو بھی اس دنیا میں جینا آگیا ہوتا