# **نسل در نسل**
ہم نے اپنی جوانی بے ضرر گناہوں میں گزاری
بے وقعت سی محبت میں باہم مبتلا
ہم اکثر سمجھتے کہ ہم کسی بات پر آزردہ ہوئے ہیں
مگر کوئی دکھ دیر پا نہ ہوتا
کوئی ضرب ہمیں زخم نہ لگاتی
ہمارے سرد حسن کو مسخ نہ کرپاتی
ہر موسم میں ہم دراز رہے، میخے ہوئے، نہیں
صلیبوں پر نہیں بلکہ نرم بستروں پر
گداز جسموں کے ساتھ، جبکہ آہ وزاری کرتی
حساس گھڑیاں شام اور صبح کے جھٹپٹے میں
نیم خواب اور نیم مدہوشی کے عالم میں گزرتی چلی جاتیں
ہم خود سپردگی کے قائل تھے، ہر چیز کے آگے ہتھیار ڈال دیتے۔
یادوں کے لیے، دیواروں اور کوکھوں کو کھرچنا ہمارا کام نہیں،
نہ ہی موت سے سوال کرنا،
لیکن جیسے بچہ ماں کے بازؤوں سے مانوس ہوتا ہے
ہم اپنے آپ کو آگ کے
یا بھوکی زمین کے سپرد کریں گے
آہستہ آہستہ نگلے جانے کے لیے۔
کوئی اپنی صلیبوں سے اتر کر ہمیں
اپنے زخم نہیں دکھائے گا
خاموشی میں گم ہوجانے والا کوئی خدا
اچانک بات نہیں کرنے لگے گا،
کوئی کھوئی ہوئی محبت
ہماری مدعی نہ ہوگی،
نہ ہمیں کبھی سابقہ حیثیت میں بحال کیا جائے گا
نہ ہمیں نیا پن عطا کیا جائے گا۔
*
**شاعرہ: کملا داس (بھارت)، مترجم : یاسمین حمید (لاہور)
**
******
# **کملا داس**
(پیدائش: 31 مارچ 1934ء-وفات: 31 مئی 2009ء)
کملا داس ہندوستانی ادب کا اہم تانیثی حوالہ ہیں۔ زیادہ انگریزی زبان میں لکھا جب کہ شاعری اور فکشن ملیالم زبان میں لکھی۔ انھیں جدید ہندوستانی انگریزی شاعری کا بانی سمجھا جاتا ہے۔ انھیں Mother of modern indian English Poetry کے لقب سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ “My Story” کے نام سے ان کی خودنوشت بہت معروف ہے۔ بے شمار اعزازات سے نوازا گیا جن میں ایشین ورلڈ پرائز، ایشین پوئٹری پرائز، کینٹ (Kent) ایوارڈ اور اعزازی ڈی لٹ (کالی کٹ) شامل ہیں۔
نوٹ:
یہ اردو ترجمہ یاسمین حمید کی کتاب "جنوبی ایشیا کی منتخب نظمیں” سے لیا گیا ہے۔ جسے بک کارنر ، جہلم نے شایع کیا ہے۔
بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/3856189741278197

Comments
2 responses to “# **نسل در نسل** ہم نے اپنی جوانی بے ضرر گناہوں میں گزاری بے وقعت سی محبت میں …”
بہت عرصہ بعد کسی نے "وقعت ” درست لکھا فيسبک پہ۔
کمال