** === ناول کا ایک باب === **
**ناول: سالومن کا گیت (Song of Solomon) **
**مصنفہ: ٹونی موریسن (Toni Morrison) ، امریکا**
**مترجم : سيد سرور حسين (بھارت)**
**مترجم کا نوٹ: **
ٹونی موریسن کی ناول ‘سانگ آف سولومن’ کے پہلے باب کا ترجمہ حاضر ہے۔ ميں نے ناموں کے سلسلے ميں انگریزی ناموں کو ہی برقرار رکھا ہے۔ ان ميں کوئی تبدیلی الجھن و ابہام پیدا کر سکتی ہے۔ میری کوشش ناتواں کو آپ احباب کی مدد مل جائے تو عنایت ہوگی۔ یہ باب چار حصوں ميں پوسٹ کر رہا ہوں۔ ایک پوسٹ سارے صفحات نہيں قبول كر رہا ہے۔ ہر اگلی پوسٹ کا لنک آخر میں دیا جائے گا ۔
*****
** پہلا باب – حصہ اوّل**
نارتھ کیرولائنا لايف انشورنس کمپنی کے ایجنٹ مسٹراسمتھ نے اچانک يہ عہد کرليا کہ وہ ايک دن تین بجے سہ پہرکو اس جنوب مشرقی شہرکے ‘مرسی’ ہسپتال سے شمال کی سب سے بڑی جھیل ‘لیک سوپرئیر’ کے دوسری طرف اڑ کرجا پہنچے گا۔ اوراپنے اس عزم کو سرانجام دینے کے دو دن پہلے اسں نے اپنے پیلے رنگ کے چھوٹے سے مکان کے دروازے پرايک اعلان چسپاں کرديا جس پرلکھا تھا،
"۱۸ فروری ۱۹۳۱ کو بدھ کے روز ۳ بجے سہ پہر کو ميں مرسی سے خود اپنے پروں پرپروازکرجاؤں گا۔ مجھے معاف فرما ديں۔ بڑی مہربانی ہوگی۔ ميں آپ لوگوں سے بہت پيار کرتا ہوں۔
رابرٹ اسمتھ انشورنس ایجنٹ”
ليکن جس بدھ کا مسٹراسمتھ نے اپنی پروازکے لئے انتخاب کیا تھا، اس دن اس منظرکے ديدارکے لئے وہ اتنی بڑی بھيڑ اکٹھا نہیں کرپايا جتنی کہ اس سے چارسال قبل امریکی ہوا باز چارلس لنڈبرگ کی نیویارک سے پیرس تک بلا توقف پروازکو دیکھنے کے لئے جمع ہوئی تھي۔ کوئي چاليس يا پچاس لوگ ہی ہوں گے جو مسٹراسمتھ کےکارنامے کے ناضرين تھے۔ وجہ يہ تھي کہ دن کے گيارہ ہي بجے تھے اورلوگوں نے دروازے پر چپکے اعلان کو ابھی تک پڑھا نہيں تھا۔ وسط ہفتہ کے دوران دن کے اس وقت يہ خبر غيرمصدقہ طور پردہان بہ دہان ہی گردش کرتي رہی۔ بچے اپنے اپنے اسکولوں کو جا چکے تھے، اورمرد حضرات اپنے اپنے روزگار پر۔ اکثرعورتيں تنگ شميضوں کے اوپر باہرنکلنے کے لباس پہن رہي تھيں تا کہ گوشت فروشوں کي دوکانوں کا چکرلگا کرديکھ آئيں کہ جانوروں کي کون کون سي باقيات ان کے لئے بچی پڑی تھيں۔ صرف بے روزگار، آزاد پيشہ اورکم عمرنوجوان ہي مقام وقوعہ پر موجود تھے۔ کچھ تو قصدا وہاں پہنچ گئے تھے اس لئے کہ انہوں نے مسٹراسمتھ کے ارادے کے بارے ميں سن رکھا تھا۔ اورکچھ عين اس جلوہ پروازکے وقت اتفاقا مٹرگشتی کرتے ہوئے ‘مرسی’ ہسپتال کو جاتی اس سڑک کے سرے تک جا پہنـچے تھے جوعرف عام ميں ‘ڈاکٹراسٹريٹ’ کے نام سے مشہور تھی۔ حالانکہ مقامی بلدياتي رجسٹر ميں يہ نام درج نہيں تھا۔ شہر کے نقشے پراس سڑک کا نام ‘مينز ايوینيو’ لکھا ہوا تھا۔ شہرکا اکلوتا غيرسفيد فام طبيب اپني زندگي کے آخري دنوں تک اسي سڑک پر بنے ايک مکان ميں رہا کرتا تھا۔ جب ۱۸۹٦ ميں وہ اس علاقے ميں منتقل ہوا تھا تو اس کے مريضوں نے، جن ميں کوئي بھي اس جگہ پر يا اس کے آس پاس تک نہيں رہتا تھا، اس سڑک کا نام ‘ڈاکٹراسٹريٹ’ رکھ ديا تھا۔ بعد میں جب دوسرے سياہ فام مهاجران وہاں منتقل ہوگئے، اور جب ڈاک سروس ان کے درميان پیغامات کی نقل ووصول کا ایک مقبول ذریعہ بن گئی تب لوزیانا، ورجینیا، الاباما اورجارجیا سے مختلف خطوط ‘ڈاکٹراسٹريٹ’ پرمقيم ان لوگوں کے پتوں پر بھيجے جانے لگے۔ پوسٹ آفس والے يا تو یہ لفافے واپس کردیتے یا انہيں ڈیڈ لیٹرآفس، لاوارث خطوط کے دفتر، میں منتقل کردیتے۔ پھر ۱۹۱۸ میں ، جب سياہ فام لوگوں کو فوجی خدمات کے لئے بھرتي کیا جارہا تھا ، کچھ لوگوں نے بھرتی دفترميں اپنا پتہ ‘ڈاکٹراسٹريٹ’ ہي لکھوا دیا۔ اور اس طرح اس نام نے ایک نيم رسمی حیثیت اختيارکر ليا۔ ليکن يہ حيثيت زیادہ دنوں تک برقرار نہ رہ سکی۔ شہر کے چند ممبران قانون سازاسمبلی نے، جن کے لئے مناسب ناموں اور شہر کی نشانیوں کی دیکھ بھال کی فکر ان کی سیاسی زندگی کا بنیادی حصہ تھا ، یہ پتہ لگايا کہ اس سڑک کا نام ‘ڈاکٹراسٹريٹ’ کبھی کسی سرکاری حيثيت سے استعمال ہی نہیں کیا گیا تھا۔ اور چونکہ وہ جانتے تھے کہ صرف شہر کے جنوبی علاقے کے باشندوں نے ہی اس نام کو برقرار رکھا تھا ، اس لئے انھوں نے شہر کے اس حصے میں اسٹورز ، نائی کی دکانوں اور ریستورانوں میں اعلانات لگوا ديے جن میں يہ مطلع کيا گیا کہ جو چوڑی سڑک جھیل کے سامنے والی ‘شور روڈ’ سے شمال اور جنوب سے ہوتي ہوئي روٹ نمبر ٦ اور ٢ کو جوڑتی ہوئی پینسلوینیا کوجاتي ہے، اور ‘ردرفورڈ ایونیو’ اور ‘براڈوے’ دونوں کے متوازی چلتی ہے، ‘ ڈاکٹراسٹريٹ’ نہیں بلکہ ‘مینز ایونیو’ کے نام سے ہميشہ جاني جاتی تھی اور آئندہ بھی جانی جائیگی۔
يہ درحقيقت ايک واضح اعلان عام تھا جس کے ذريعہ شہر کے جنوبی علاقے کے باشندوں کو اپنی یادوں کو زندہ رکھنے اور شہر کے قانون سازوں کو بھی خوش رکھنے کا ایک طریقہ فراہم کیا گیا تھا۔ ان لوگوں نے اس سڑک کو ‘ناٹ ڈاکٹراسٹریٹ’ کا نام دے رکھا تھا۔ اوراس کے شمالی سرے پر واقع خيراتی ہسپتال کو ‘نو مرسی ہسپتال’ کہنے پر اسی دن سے آمادہ تھے جس سے ایک دن پہلے مسٹراسمتھ نے اس ہسپتال کي چھت سے چھلانگ لگانی تھی۔ يہ ۱۹۳۱ کا سال تھا اورابھی وہ دن نہيں آيا تھا جب کسي پہلي سياہ فام حاملہ ماں کو اس ہسپتال کي سيڑھيوں پر نہیں بلکہ اس کے وارڈ میں بچے کو جنم دینے کی اجازت دی گئی تھی۔ اس مخصوص عورت کے ساتھ اسپتال کی سخاوت کی وجہ یہ بالکل نہیں تھی کہ وہ اس علاقے کے پہلے نیگرو ڈاکٹرکی اکلوتی اولاد تھی ، کیوں کہ اپنی پوری پیشہ ورانہ زندگی کے دوران خود اس ڈاکٹرکو کبھی بھی ہسپتال کی سہولیات نہیں دی گئی تھیں۔ اس کے صرف دو مریض ہی وہاں داخل ہوسکے تھے، اور وہ دونوں سفید فام تھے۔ علاوہ ازيں، اس ڈاکٹر کی موت ۱۹۳۱ کے بہت پہلے ہوچکی تھی۔ یہ ضرورمسٹر اسمتھ کی ان کے سروں کے اوپرکي چھت سے چھلانگ ہي رہی ہوگی جس نے ہسپتال والوں کو اس حاملہ عورت کو وارڈ کے اندر داخل کرنے پر مجبور کيا ہو گا۔ بہر کيف ، اس عورت کے بچہ جننے کي جگہ کے تعیین کا سبب پست قامت انشورنس ایجنٹ کا اپني پرواز پر يقين ہو يا نہ ہو، اس کی پرواز نے یقینی طور پر ولادت کے وقت کے تعين ميں مددگار ثابت ہوئی ۔
مرحوم ڈاکٹرکی بیٹی نے جب مسٹراسمتھ کو سینے کے پاس آگے کو مڑے ہوئے نیلے ریشمی پروں کے ساتھ اتنی ہی بے درنگی سے چھت پہ نمودار ہوتے ہوئے دیکھا جیسا کہ اس نے وعدہ کیا تھا تو اس کے ہاتھوں ميں تھی ڈھکنے والی پھولوں کی ٹوکری زمين پرگر پڑی اور اس ميں سے مخمل سے بنائی گئی گلابوں کی سرخ پنکھڑیاں باہر چھلک پڑيں ۔ ہواؤں نے انہيں چاروں طرف اڑا دیا، اوپر، نیچے، برف کے چھوٹے چھوٹےڈھيروں پر ۔ اس عورت کی کم عمر بچياں دوڑ دوڑ کر انہیں پکڑنے کی کوشش کرنے لگيں ، اور ان کی مآں اپنے پیٹ کے نچلے حصہ کو پکڑ کرآہ و کراہ ميں مبتلا ہو گئی۔ گلاب کی پنکھڑیوں کو پکڑنے کے ہنگاموں کي طرف سب کی توجہ مبذول ہو گئي ، لیکن حاملہ خاتون کی کراہ پر کسی کا دھيان نہيں گيا۔ سبھی جانتے تھے کہ لڑکیوں نے گھنٹوں مہنگا مخمل لگانے، کاٹنے اور سلائی کرنے میں صرف کیا تھا ، اور یہ کہ ‘گيرہارڈ ڈپارٹمنٹ اسٹور’ والے مٹی لگي ہوئی کسی بھی چیز کو لينے سے انکار کرنے ميں ذرا بھي دير نہيں لگاتے تھے۔
کچھ ديرتک تو وہاں بہت خوشگوار و پرلطف سا ماحول بنا رہا۔ وہاں پر موجود لوگ بھی ان مخملی ٹکڑوں کو اٹھانے کی کوشش میں شامل ہوگئے ، اس سے پہلے کہ برف انہيں تر بتر کر دے۔ وہ کبھي انہيں ہوا کے جھونکوں سے چھینتے اور کبھی برف کے ڈھير پرسے بہت نرمی سے چن ليتے۔ اور بہت ہی چھوٹے بچے يہ فيصلہ نہيں کرسکے کہ وہ چھت پر کھڑے ان نیلے رنگ کے پروں سے گھرے آدمی کو ديکھتے رہيں یا زمین پر چاروں طرف بکھرے سرخ چمکتے ہوئے ٹکڑوں پردھيان ديں۔ ان کی کشمکش اس وقت دور ہوگئی جب ایک عورت پراچانک گانا گانے کا دورہ پڑ گيا۔ بھیڑ کے پیچھے کھڑی اس گلوکارہ کا لباس اتنا ہی ناقص تھا جتنا کہ ڈاکٹرکی بیٹی کا خوش وضع۔ مؤخر الذکر نے ایک صاف بھورے رنگ کا کوٹ پہن رکھا تھا جس ميں بالکل بيچ ميں ناف کے اوپر حاملہ عورتوں کا روایتی بو بنا ہوا تھا ، سر پر چست گھنٹی کی شکل کا ہيٹ، اور پيروں ميں چاربٹنوں والے ربڑ کے واٹر پروف نسائی جوتے۔ گانے والی عورت نے اپنے سر پر ماتھے تک نیچے کھچي ہوئي ہاتھوں سے بني ہوئي بحری ٹوپی پہن رکھي تھی۔ اس نے خود کو سردیوں کے کوٹ کے بجائے ايک پرانے لحاف سے لپیٹ رکھا تھا۔ اس کا سر ایک طرف جھکا ہوا تھا ، اس کی نگاہ مسٹر رابرٹ اسمتھ پر ٹکی ہوئی تھی ، اور وہ مدھم زنانہ آواز ميں پورے جوش سے گا رہي تھی:
"لو ديکھو اڑ گیا اب شوگر مين،
وہ ديکھو جا چکا اب شوگر مين،
وہ پارکرچکا اب آسمانوں کو،
وہ اپنے گھر گیا اب شوگر مين۔”
وہاں پر جمع کوئي پچاس لوگوں میں سے کچھ نے ایک دوسرے کو ٹہوکا ديا اور زير لب ہنسنے لگے۔ اورباقي ماندہ لوگ اس گانے کو ايسے سن رہے تھے جیسے وہ کسی خاموش فلم کی تاويل و تفسير بيان کرتی ہوئی پیانو کی موسیقی ہو۔ وہ کچھ دیر اسي طرح مبہوت کھڑے رہے۔ ان میں سے کسی نے بھی مسٹر اسمتھ کو پکارکر ايسا نہ کرنے کي فرياد نہيں کي، سبھی اپنے آس پاس ہو رہے کم اہم تماشوں کے ديدار ميں مصروف تھے۔ یہاں تک کہ شور و غوں غاں سن کر ہسپتال کے لوگ اوپر چھت پر پہنچ گئے۔
وہ کھڑکیوں سے چھت کے اوپر بپا تماشے کو دیکھ رہے تھے – پہلے تو ہلکے تجسس کے ساتھ، ليکن پھر جیسے ہی لوگوں کا ہجوم اسپتال کی دیواروں تک پھيلنے لگا ، ان کي نظروں ميں قلق و ہراس ابھرآيا۔ انھوں نے قياس کیا کہ شايد کوئي ایسا پروگرام ہو رہا ہو جو نسلی اخوت کو فروغ دينے والي جماعتيں اکثر منعقد کرتي رہتي ہيں۔ لیکن جب انہيں نہ کوئي پوسٹرنظر آيا اورنہ ہی کوئي اسپیکر، تو وہ سب کے سب باہر سردی ميں نکل آئے: سفید کوٹ والےسرجن ، کالي جیکٹ پہنے سرکاري کلرک اور تجارتي عملے، اور کلف دار جمپروں میں تین نرسیں ۔
جب ان کي نگاہيں مسٹر اسمتھ اورانکے نیلے رنگ کے وسيع پروں، نغمہ سرا عورت، اور بکھرے ہوئے گلابوں پر پڑيں تو ان نظاروں نے ان کے حواس کو چند سیکنڈ کے لئے مختل کر ديا۔ ان میں سے کچھ کے ذہنوں ميں لمحہ بھر کے لئے یہ خيال ابھرا کہ شاید يہ کسی عبادت کی شکل تھی۔ فیلا ڈلفیا ، جہاں فادر ڈيوائين کي حکمراني تھي ، اس شہرسے ذيادہ دور بھي نہیں تھا۔ ممکن ہو پھولوں کی ٹوکریاں سنبھالے ہوئي دو نوعمر لڑکیاں اسي کی راہبہ ہوں۔ لیکن وہاں موجود سونے کے دانت والے شخص کے ٹھہاکوں نے انہیں دوبارہ ہوش میں لادیا۔ انہوں نے خیال بافي ترک کيا اور فوراً احکامات صادر کرتے ہوئے اپنے کام میں جٹ گئے۔ ان کے چیخ و پکار اور ہلچل نے اس جگہ بڑی الجھن پیدا کر دي جہاں اب تک صرف چند مرد تھے ، کچھ لڑکیاں مخمل کے ٹکڑوں سے کھیل رہی تھیں اور ایک عورت گا رہي تھي ۔
نرسوں میں سے ایک نے اس اضطرابي صورت حال میں کچھ نظم و ضبت لانے کی امید میں اپنے آس پاس کے چہروں کو تلاش کرنا شروع کيا ، یہاں تک کہ اس کي نظرایک تنومند عورت پر پڑي جو ایسا لگتا تھا کہ اگر چاہے توساري زمين کو ہلا کر رکھ دے گي۔
"ادھر سنو تم،” اس نے قوي ہيکل عورت کی طرف بڑھتے ہوئے کہا۔ "کيا یہ تمہارے بچے ہيں؟”
قوي الجسم عورت نے اپنا سر آہستہ سے آواز کي طرف گھمايا ، خطابت کی لاپرواہی پر اس کی بھنویں اٹھ گئیں۔ پھر، یہ دیکھ کر کہ کہاں سے آواز آئی ہے ، اس نے اپني ابروؤں کو اس قدرجھکا ليا کہ اس کي آنکھیں بھچ گئیں۔
"جي، ميڈم؟”
"تو پھرکسی ايک کو ایمرجنسی کے دفتر بھیجو۔ اس سے کہو کہ جا کرگارڈ کو جلدی سے یہاں پہنچنے کے لئے کہے۔ وہ لڑکا جا سکتا ہے۔ وہ والا۔” اس نے ايک پانچ یا چھ سال کے بلی جيسي آنکھوں والے لڑکے کی طرف اشارہ کیا۔
اس عورت نے نرس کی انگلی کي طرف اپنی آنکھیں کھسکائیں اور اس بچے کی طرف دیکھا جس کی طرف وہ اشارہ کررہي تھي۔
"وہ گٹار، ميڈم۔”
"کيا؟”
"گٹار”
نرس نے اس قوي الجسم عورت پرايسي نگاہ ڈالی جیسے اس نے کوئي نا قابل فہم زبان بول ديا ہو۔ پھراس نے اس سے آگے کوئي بات نہيں کي ، بلی سي آنکھوں والے لڑکے کی طرف ایک بار پھر دیکھا، اوراپني انگلیاں باندھتے ہوئے بہت آہستہ سے اس بچے سے اپنا اگلا خطاب کيا۔
"ذرا سنو! نيـچے ہسپتال کے پچھلے حصے پرگارڈ کے دفتر جاؤ۔ وہآں دروازے پر ‘ایمرجنسي ايڈميشنژ” لکھا ہو گآ۔ "ايڈميشنژ” ۔ لیکن گارڈ وہاں ہوگا۔ اسے جلد یہاں آنے کو کہو۔ اب جاو۔ فوراً!” نرس نے اپنی انگلیوں کو ڈھيلا چھوڑا ، اپنے ہاتھوں سے گھيرا بنايا ، اور اپني ہتھیلوں سے سرد ہواوں کو ڈھکیلتے ہوئے نیچے کي طرف اشارہ کيا۔
بھورے رنگ کے سوٹ میں ملبوس ایک آدمی منہ سے چھوٹے چھوٹے سفید بادلي دھوؤں کے گولے نکالتا ہوا نرس کی طرف آیا۔ "فائر ٹرک اب آنے ہي والا ہے۔ اندر واپس جاؤ۔ يہاں پرسردي سے جم کرمرجاوگي ۔”
نرس نے اثبات ميں سر ہلايا۔
"ميڈم آپ نے ‘ايڈميشنژ’ کہا ‘ايڈميشنز’ نہيں۔” بلي جيسي آنکھوں والے بچے نے کہا۔ شمال کا لہجہ اس کے لئے نیا تھا اوراس نے ابھی ابھی سیکھنا شروع کیا تھا۔ اس لئے وہ سفيد فام لوگوں سے بات کرنے کي جسارت کرسکتا تھا۔ لیکن وہ نرس سردی سے اپني باہوں کو ملتے ہوئے پہلے ہی جا چکی تھی۔
"دادي، دادي، اس نے غلط بولا تھا نا؟”
"ہاں، اور اس نے پليز بھي نہيں کہا تھا۔”
"کيا آپ کو لگتا ہے وہ کود جائیگا؟”
"ايک سنکي کچھ بھي کر سکتا ہے۔”
"آخر کون ہے وہ آدمي؟”
"پاگل، سنکي! انشورنس کے پيسے اکٹھا کرتا ہے۔”
"وہ جو گا رہي ہے وہ کون عورت ہے؟”
"وہ نوحہ گانے والي ہے، بے بي۔ آج کے پروگرام کے آخری مرحلہ کا گيت ہے۔” لیکن جب اس تنومند عورت نے نغمہ سرا عورت کی طرف دیکھا تو مسکرا ديا۔ اس لئے بلی جيسي آنکھوں والے لڑکے نے اتني ہي دلچسپی کے ساتھ اس نغمے کو سنا ، جتني سرشاري سے وہ ہسپتال کے اوپراپنے پروں کو لہرانے والے شخص کو ديکھ رہا تھا۔
ہجوم قدرے گھبرا نے لگا تھا اب جب کہ قانوني عملوں کو بھي بلایا جارہا تھا۔ وہ سب مسٹر اسمتھ کو جانتے تھے۔ وہ ایک ڈالر اوراڑسٹھ سینٹ وصول کرنے کے لئے مہینے میں دو بار ان کے گھر آیا کرتا تھا اور اپنے ساتھ ايک زرد کادڈ بھي لاتا تھا جس پروہ ہرہفتے کي ادائیگي کي تاريخ کے ساتھ چوراسی سینٹ کي رقم دونوں لکھ لیا کرتا تھا۔ پيسے کي ادائيگي ميں وہ ہمیشہ آدھا مہینہ یا اس سے زياہ تاخیر کر ديتے تھے ، اور ہربارپہلے جر و بحث کرتے تھے کہ وہ اتني جلدي کیوں آگيا، اور پھر دير تک اس سے آئندہ کی ادائیگی کے بارے میں باتیں کرتے تھے۔
"آپ پھر آگئے اتني جلدي؟ ایسا لگتا ہے جیسے میں نے ابھی آپ سے جان چھڑا ئی ہے۔”
” اب تھک چکا ہوں آپ کا چہرہ دیکھتے ديکھتے ۔ ميں واقعی تھکا گیا ہوں۔”
"مجھے معلوم تھا، جیسے ہی مجھے دو پیسے ملے اسي لمحے آپ یہاں ٹپک پڑيں گے۔ کسي فصل کادنے والے سے زیادہ باقاعدگی کے ساتھ ۔ کیا ہوور کو آپ کي آمد کے بارے میں معلوم ہو چکا ہے؟”
وہ اس کے ساتھ مذاق کرتے ، اس سے بدسلوکی کرتے ، اپنے بچوں سے کہا کرتے کہ وہ گھر آئے تو اس سے کہ ديں کہ وہ بیمار ہیں یا پيٹسبرگ گئے ہوئے ہیں۔ لیکن انھوں نے ان چھوٹے سے پیلے کارڈوں کو بہت سنبھال کر رکھا ہوا تھا جیسے ان کی کوئي خاص اہميت ہو- وہ انہيں بڑے احتياط سے جوتے کے خانوں میں کرایہ کی رسیدوں ، شادی بیاہ کے دستاويزوں، اورفیکٹری کے ساقط شدہ شناختي بلوں کے ساتھ رکھتے تھے۔ مسٹر اسمتھ سب کچھ ديکھ سن کرخاموشي سے مسلسل مسکراتا رہتا، اورتقريبا سارے وقت آنکھوں کو اپنے صارفین کے پیروں پر مرکوز رکھتا ۔ وہ اپنے کام کے دوران کاروباری سوٹ پہنا کرتا ، لیکن اس کا گھر ان کے گھروں سے بہتر نہیں تھا۔ انہوں نے کبھی اس کے پاس کوئي قابل اعتراض عورت نہیں ديکھي، اور وہ چرچ میں بھي کبھی کبھار "آمین” کے علاوہ کچھ نہیں بولتا تھا۔ اس نے کبھی کسی کو زدوکوب نہیں کیا اور اندھیرے کے بعد اسے کبھي باہر نہیں دیکھا گیا ۔ لہذا ان کا خیال تھا کہ شاید وہ ایک اچھا آدمی تھا۔ لیکن اس کا وجود بیماری اورموت سے بہت زیادہ وابستہ تھا، اور دونوں میں اور زرد کارڈ کے پچھلے حصے پرچھپی شمالی کیرولائنا میوچل لائف بلڈنگ کی سیاہی مائل تصویر ميں کوئي خاص فرق نہیں تھا۔ مرسی ہسپتال کی چھت سے کودنا سب سے دلچسپ کام تھا جو اس نے کیا ۔ وہاں پر موجود کسی کو بھي يہ اندازہ نہيں تھا کہ اس کے اندرايسی کوئی صلاحيت تھي۔ وہ ایک دوسرے سے سرگوشيوں ميں کہ رہے تھے کہ درحقیقت لوگ ایک دوسرے کے بارے میں کچھ نہیں جانتے۔
نغمہ سرا عورت دفعتاً خاموش ہوگئی اور دھن کو گنگناتی بھیڑ سے گزرتی ہوئی گلاب کی پنکھڑيوں والی خاتون کی طرف چل پڑی ، جو ابھی تک اپنے پیٹ کو سہلا رہی تھی۔
"تمہيں خود کو گرم رکھنا چاہئے۔” اس نے اسکی کہنی ہلکے سے چھو تے ہوئے سرگوشی ميں کہا ۔ "صبح کے ساتھ ایک ننھی منی سی چڑیا یہاں ہوگی۔”
"اچھا؟” گلاب کی پنکھڑيوں والی خاتون بولي۔ "کل صبح؟”
"اگلی آنے والي تو بس وہی صبح ہے۔”
"ایسا نہیں ہوسکتا۔” گلاب کی پنکھڑی والی خاتون نے کہا۔ "یہ اتنی جلدی ہے۔”
**نوٹ:**
**(1)باب اول – دوسرا حصہ پڑھنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
[**https://www.facebook.com/groups/AAKUT/permalink/2745367659027083/](https://www.facebook.com/groups/AAKUT/permalink/2745367659027083/)
**(2)** **اس ناول کے باب اول کے انگلش ٹیکسٹ (اصل متن) کے لیے اس پی ڈی ایف فائل کو نیچے دیے گئے لنک کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کریں۔**
[https://drive.google.com/open?id=16V81-FW_1xksoWGMr_hT0pGn436fofXg](https://drive.google.com/open?id=16V81-FW_1xksoWGMr_hT0pGn436fofXg)
بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2745113355719180

Comments
4 responses to “** === ناول کا ایک باب === ** **ناول: سالومن کا گیت (Song of Solomon) ** **مصن…”
Kindly tell me name of publisher n price too if published in India. I will ask one my friend who is working as anchor person in Munsif TV.
یہ کب تک کتابی شکل میں شائع ہو رہا؟؟؟
https://drive.google.com/open?id=16V81-FW_1xksoWGMr_hT0pGn436fofXg
یہ لنک نہیں کھل رہا ۔
اور جب جملہ مسٹر سمتھ سے شروع ہو رہا ہو تو پھر ‘ ان ‘ ، ‘ انہیں ‘ کا ستعمال کرنا ہو گا نہ کہ ‘ اُس ‘ یا ‘ اُسے ‘ کا ۔ مترجم سے معذرت کے ساتھ
جلدی ہم شائع کر یں گئے