میں ہمیشہ سوچا کرتا تھا کہ کبھی اگر پڑوسی ملک جانے کا اتفاق ہوا تو ان شاء اللہ کچھ دوستوں سے بہرصورت ملاقات کروں گا، سب سے پہلے میرے عاصم بھائی یعنی لیاقت علی عاصم صاحب، اس کے بعد امجد سلیم علوی صاحب (جن کی دو دن قبل پہلی برسی تھی)، پھر حکیم خلیق الرحمٰن صاحب، اور آج جن کا انتقال ہوا وہ ظفر بھائی تھے یعنی شاعر بے بدل قابل اجمیری صاحب کے فرزند ارجمند ظفر قابل اجمیری، ان سبھی سے میری بہت اچھی دعا سلام تھی بلکہ سبھی مرحومین کے موبائیل نمبر میرے پاس تھے اور ان کے پاس میرا رابطے کا نمبر، جب تک سعودی عرب میں برسرروزگار تھا آئے دن ان سب سے ٹیلیفونک رابطہ ہوتا تھا لیکن یہاں انڈیا آ کر سیٹل ہونے کے بعد میری بدقسمتی تھی کہ پڑوسیوں سے بحالت مجبوری ٹیلیفونک رابطہ ختم کرنا پڑا کہ یہی حکمت کا تقاضا بھی تھا، پھر بھی حکیم صاحب اور ظفر بھائی تو میری ہر خوشی کے موقع پر موبائیل پہ ہی رابطہ کرتے تھے اور میں بھی ان کی محبتوں کے احترام میں حکمت کی چادر اتار کے پھینک دیا کرتا تھا کہ جو ہوگا دیکھا جائے گا، کتنے افسوس کی بات ہے کہ ان میں سے آج ایک آواز ہمیشہ کے لیے خاموش ہو گئی
میرے ظفر بھائی یعنی ظفر قابل جمیری داغ مفارقت دے گئے
انا للہ و انا الیہ راجعون
شام کی چائے کے ساتھ کچھ وائے لے کر بیٹھا تھا جب یہ اندوہناک خبر ملی، پھر کہاں کی چائے اور وائے، بہت دکھ ہے شدید دکھ ہے، کیسے نفیس لوگ تھے جو ملاقات کے بغیر بھی میرے دل میں ہمیشہ کے لیے انمٹ نقوش چھوڑ گئے، ظفر بھائی کی چونکہ اوپن ہارٹ سرجری مجھ سے بہت پہلے ہو چکی تھی اس لیے وہ اپنے تجربات کی روشنی میں بہت مفید مشوروں سے نوازتے تھے، اب کون دے گا ایسے مفید مشورے؟ عیدین یا ایسے ہی مواقع پر مبارکباد دینے کا میں سوچتا رہ جاتا اور اُدھر سے وہ پہل کر کے مجھے شرمندہ کر دیتے- اللہ تمام مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عنایت فرمائے، ان کے درجات میں مسلسل اضافہ فرمائے
Liaquat Ali Asim
Amjed Saleem Alvi
Hakeem Khaleeq Ur Rahman
Zafar Qabil
(ابوالحسن علی ندوی)