میں نے جب ہرمن ہیسے کو پڑھنا شروع کیا تو سب سے پہلے اس کا ناول سدھارتھ پڑھا۔اس مختصر سے ناول کو پڑھنے کے بعد باآسانی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ہیسے کہانی کو زبردستی معاشرے کے ساتھ باندھنے والا کوئی عام کہانی کار نہیں بلکہ وہ تو من کی دنیا کا سفر نامہ سنانےوالا صوفی ہے۔وہ خود کو لگنے والی ٹھوکروں پر کوئی مہان لبادہ اوڑھ کر گرتا پڑتا کسی صراط مستقیم تک پہنچتا دکھائی نہیں دیتابلکہ اپنی جبلت اور فطرت کے بھرپور وار کے سامنے بے بس عام انسان کو ناول کے کینوس پر دکھاتا ہے ۔ہیسے کا یہ شاہکار دل کو لگا۔پڑھتے پڑھتے یوں لگا جیسے سدھارتھ میری روح کی تجسیم کا نام ہو۔برہمن کے گھر سے دریا کنارے تک میں اور سدھارتھ ساتھ چلتے گئے۔۔حیرت زدہ، الجھے ہوئے، نامعلوم راہوں کے راہی۔ناول تو بہت جلدی ختم ہو گیا لیکن ہرمن ہیسے کا نشہ ختم نہیں ہوا۔اس کے باقی ناول Demian, Narsisuss and Goldmund,The glass bead game اور The journey to the East پڑھے۔اس کے بعد اس کی مختلف نظموں کے اردو اور انگریزی تراجم پڑھتی چلی گئی۔ معلوم ہوا کہ ہیسےاپنی ہر تحریرمیں بذاتِ خود موجود تھا ۔ہر دفعہ اپنا نام بدل کے وہ کہانی میں بطور مرکزی کردار کے موجود ہوتا اور اسے پہچاننا بالکل بھی مشکل نہ لگتا۔وہ رومان اور فطرت کی گلیوں میں گھومتا گھماتا رائیگانی کی سڑک تک جا پہنچتا ۔یہ سڑک اس قدرنا ہموار تھی کہ اس کے خوابوں کی گاڑی کے ٹائر بہت جلد پھٹ گئے ۔ وہ ان کھردرے راستوں پر ننگے پاؤں اتنی دور تک چلا کہ وہ رائیگانی اس کے اندر اتر گئی ۔اسے ہر منزل پر راستے کا گمان ہونے لگا۔سدھارتھ جوں جوں راستہ طےکرتا جاتاوہ اضطراب جو پہلے بہت کچھ نہ پانے کی وجہ سے تھا بہت کچھ کھو دینے کی صورت میں ڈھلنے لگا۔مجھے یوں لگتا جیسے سدھارتھ کےساتھ اس سفر میں میرے بھی پیر لہو لہان ہو گئے ہوں۔اور جب میں تھک گئی تو یہ مرکزی کردار اپنی کشش کھونے لگا۔مجھے اس تھکن اور اضطراب سے، اس رائیگانی سے پناہ چاہیے تھی۔مجھے اپنے اندر کے سدھارتھ سے پناہ چاہیے تھی۔
ہیسے کے کینوس پر جا بجا سدھارتھ کے پیچیدہ راستوں کی بھول بھلئیاں تھی تو ان راستوں کے اس پار ایک دریا تھا اور اس دریا کے کنارے ایک ملاح جس کا نام واسودیو ہے۔جو ہمہ وقت فطرت سے ہم کلام ہے لیکن اس گفتگو کے لئے وہ شبدوں کے بہکاوے میں نہیں آتا۔اس کا گیان زبان و بیان کا محتاج نہیں ۔وہ اتنا شانت ہے کہ اس کی مسکان میں دریا سی وسعت اور بہاؤ ہے۔وہ سراپا شانتی ہے، نروان ہے۔اس کے لئے خاموشی گفتگو ہے۔وہ راستے اور منزل کی گھمبیرتا سے دور ایک بہاؤ کا پجاری ہے ۔وہ مرکزی کردار تو نہیں لیکن مرکز کا تعین کر چکا ہے۔ مجھے اس واسو دیو سے ملنا ہے۔
بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2862862920610889

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔