پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

میں نے اللہ کے سامنے انہیں بھی معاف کیا جن لوگوں نے میری روح تک کو کرید کر چھلنی…

میں نے اللہ کے سامنے انہیں بھی معاف کیا
جن لوگوں نے میری روح تک کو کرید کر چھلنی کر دیا تھا
یہ معافی کمزوری نہیں تھی
یہ وہ لمحہ تھا جب میں نے اپنے رب کے حضور
اپنے زخم رکھ دیے اور بدلے کا حق بھی اُسی کے حوالے کر دیا۔
کچھ درد ایسے ہوتے ہیں جن کا حساب انسان نہیں
صرف اللہ ہی رکھ سکتا ہے۔

جب میں نے کہا یا اللہ ۔۔۔۔۔۔۔ میں نے چھوڑ دیا
تو اصل میں میں نے خود کو آزاد کیا۔
وہ لوگ اپنے رویّوں کے ساتھ رہ گئے
اور میں اپنے رب کی رحمت کے سائے میں آ گئی۔
معافی نے میرے زخم نہیں مٹائے
مگر ان پر رب کا مرہم ضرور رکھ دیا۔
آج بھی یادیں چبھتی ہیں
آج بھی کچھ باتیں آنکھیں نم کر دیتی ہیں۔۔۔۔
مگر فرق یہ ہے کہ اب دل میں بددعا نہیں۔۔۔۔
بس ایک خاموش سا جملہ ہے۔۔۔۔
(“اللہ بہتر جانتا ہے”)

اور شاید یہی جملہ
روح کے دوبارہ جینے کی ابتدا ہوتا ہے۔۔۔۔۔

میں نے اللہ کے لیے معاف کیا
ان لوگوں کو بھی جنہیں آج تک یہ احساس تک نہیں ہوا
کہ انہوں نے میری روح کے ساتھ کیا کیا تھا۔
وہ ہنستے رہے
اور میں اندر ہی اندر ٹوٹتی رہی۔
وہ بے خبر تھے
اور میری خاموشی چیخوں میں بدلتی رہی۔
انہیں نہ کبھی شرمندگی نے چھوا
نہ ضمیر نے دستک دی
اور شاید یہی سب سے گہرا زخم تھا۔
میں نے معاف اس لیے نہیں کیا
کہ وہ معافی کے قابل تھے
میں نے اس لیے معاف کیا
کہ میں اللہ کے قریب رہنا چاہتی تھی۔
مجھے اپنے گناہوں کی معافی کی امید ہے
اور میں جانتی ہوں
کہ جس دل میں کینہ پلتا ہو
وہ رب کی رحمت کا پورا ظرف نہیں بن پاتا۔
میں نے اللہ کے سامنے ہاتھ اٹھا کر کہا
یا رب۔۔۔۔۔ یہ وہ لوگ ہیں
جنہوں نے مجھے توڑ دیا
مگر میں انہیں تیرے لیے چھوڑ رہی ہوں۔
بدلے کا حق بھی
شکوے کی شدت بھی
اور انصاف کی فریاد بھی
میں نے تیرے نام کر دی۔
یہ معافی کوئی آسان عبادت نہیں تھی
یہ نفس کے قتل جیسی تھی۔
ہر یاد نے روکا۔۔۔۔
ہر آنسو نے سوال کیا
مگر میں نے پھر بھی۔۔۔۔۔
خاموشی کو چن لیا۔۔۔۔
کیونکہ مجھے یقین ہے۔۔۔۔
کہ میرا رب میرے دل کا حال
الفاظ سے بہتر جانتا ہے۔
اگر کبھی دل کانپتا ہے۔۔۔
تو میں خود کو یہی کہہ کر سنبھالنے کی کوشش کرتی ہوں کہ ۔۔۔۔۔
جس رب سے میں اپنے گناہوں کی معافی مانگتی ہوں
اُس کے لیے دوسروں کو معاف کر دینا۔۔۔۔
میری عاجزی کی سب سے سچی شکل ہوگی۔۔۔۔۔
اور شاید۔۔۔۔
اللہ کے ہاں۔۔۔
یہی ٹوٹا ہوا دل۔۔۔۔
سب سے زیادہ قبول ہو۔۔۔۔۔

اسی لیے علامہ اقبال نے کیا خوب کہا ہے ۔۔۔۔۔۔

تو بچا بچا کر نہ رکھ اِسے
تِرا آئینہ ہے ، وہ آئینہ
کہ شکستہ ہو تو عزیز تر ہے نِگاہِ آئینہ ساز میں ۔✨🥀

منقول



Source