میں نہ چاہوں کسی فانی میں فنا ہوجانا
تم اگر ملنا مجھے، میرے خدا ہوجانا
بول بن جاﺅں کوئی، گیت کوئی بن جاﺅں
چاہتا ہوں ترے ہونٹوں سے ادا ہوجانا
ایک احساس رفاقت کو سُبک رکھتا ہے
کبھی خوشبو تو کبھی تیرا ہَوا ہوجانا
کہو محکومیء دل اور کِسے کہتے ہیں
دھڑکنیں روکے ہوئے حرفِ دُعا ہوجانا
رنگِ تنہائی لپکتا ہے تمہیں چَھونے کو
ہو اگر بس میں تمہارے تو جُدا ہوجانا
اب خموشی کی سزا ملتی رہے گی شاید
ہے مکّرر تو کٹھن کُن کی صدا ہوجانا
دلِ وحشی کا چلن ورنہ بغاوت ہے ظفر
عشق سکھلاتا ہے راضی بہ رضا ہوجانا
صابر ظفر

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔