میری حالت دیکھیے اور اُن کی صُورت دیکھیے
پھر نِگاہ غور سے قانونِ قُدرت دیکھیے
سیرَ مہتاب و کواکب سے تبسّم تابکے
رو رہی ہے وہ کسی کی شمعِ تُربت دیکھیے
آپ اِک جلوہ سراسر، میں سراپا اِک نظر
اپنی حاجت دیکھیے میری ضرورت دیکھیے
اپنے سامانِ تعیشی سے اگر فرصت مِلے
بیکسوں کا بھی کبھی طرزِ معیشت دیکھیے
مُسکرا کر اِس طرح آیا نہ کیجئے سامنے
کِس قدر کمزور ہُوں میں، میری صُورت دیکھیے
آپ کو لایا ہوں وِیرانوں میں عِبرت کے لئے
حضرتِ دِل دیکھیے، اپنی حقِیقت دیکھیے
صِرف اِتنے کے لئے آنکھیں ہمَیں بخشی گئیں
دیکھیے دُنیا کہ منظر، اور بہ عِبرت دیکھیے
موت بھی آئی تو چہرے پر تبسم ہی رہا
ضبط پر ہے کس قدر ہم کو بھی قُدرت دیکھیے
یہ بھی کوئی بات ہے ہر وقت دولت کا خیال
آدمی ہیں آپ اگر تو آدمیت دیکھیے
پھوٹ نکلے گا جبیں سے ایک چشمہ حُسن کا
صُبح اُٹھ کر خندۂ سامانِ قُدرت دیکھیے
رشحۂ شبنم، بہارِ گُل، فروغِ مہر و ماہ
واہ کیا اشعار ہیں دیوانِ فِطرت دیکھیے
اِس سے بڑھ کر اور عبرت کا سبق ممکن نہیں
جو نشاطِ زندگی تھے ان کی تُربت دیکھیے
تھی خطا ان کی مگر جب آ گئے وہ سامنے
جھک گئیں میری ہی آنکھیں رسمِ اُلفت دیکھیے
خوش نما یا بد نما ہو دہر کی ہر چیز میں
جوشؔ کی تخئیل کہتی ہے کہ نُدرت دیکھیے
جوشؔ ملیح آبادی
المرسل: فیصل خورشید
مزید پڑھیں: جوش ملیح آبادی کی شاعری — Josh Malihabadi Poetry کی مزید غزلیں

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔