میری حالت دیکھئے اور اُن کی صُورت دیکھئے
پھر نِگاہ غور سے قانونِ قُدرت دیکھئے
سیر مہتاب و کواکب سے تبسّم تابکے ؟
رو رہی ہے وہ کسی کی شمعِ تُربت دیکھئے
آپ اِک جلوہ سراسر، میں سراپا اِک نظر
اپنی حاجت دیکھئے میری ضرورت دیکھئے
اپنے سامانِ تعیشی سے اگر فرصت مِلے!
بیکسوں کا بھی کبھی طرز معیشت دیکھئے
مُسکرا کر اِس طرح آیا نہ کیجئے سامنے
کِس قدر کمزور ہُوں میں، میری صُورت دیکھئے
آپ کو لایا ہوں وِیرانوں میں عِبرت کے لئے
حضرتِ دِل دیکھئے، اپنی حقِیقت دیکھئے
صِرف اِتنے کے لئے آنکھیں ہمَیں بخشی گئیں
دیکھئے دُنیا کہ منظر، اور بہ عِبرت دیکھئے
جوش ملیح آبادی

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔