میانِ عرصۂ موت و حیات رقص میں ہے
اکیلا میں نہیں کل کائنات رقص میں ہے
ہر ایک ذرہ، ہر اک پارۂ زمین و زمان
کسی کے حکم پہ، دن ہو کہ رات، رقص میں ہے
اُتاق ِکُنگرۂ عرش کے چراغ کی لو
کسی گلی کے فقیروں کے ساتھ رقص میں ہے
مجال کس کی جنبش کرے رضا کے بغیر
جو رقص میں ہے، اجازت کے ساتھ رقص میں ہے
وہ قونیا ہو کہ بغداد ہوکہ سہون ہو
زمین اپنے ستاروں کے ساتھ رقص میں ہے
میں اپنے شمسؔ کی آمد کا منتظر تھا سو اب
مرے وجود میں رومیؔ کی ذات رقص میں ہے
مزارِ شمس پہ رومی ہیں حجتِ آخر
کہ جو جہاں بھی ہے مرشد کے ساتھ رقص میں ہے
سنائی ہوں کہ وہ عطّار ہوں کہ رومی ہوں
ہر اک مقام پہ اک خوش صفات رقص میں ہے
یہ جذب و شوق، یہ وارفتگی، یہ وجد ووفُور
میں رقص میں ہوں، کہ کُل کائنات رقص میں ہے
افتخار عارف

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔