پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مولانا عبدالمجید سالک کی ایک یادگار غزل چراغِ زند…

مولانا عبدالمجید سالک کی ایک یادگار غزل

چراغِ زندگی ہو گا فروزاں ہم نہیں ہوں گے
چمن میں آئے گی فصلِ بہاراں ہم نہیں ہوں گے
جیئیں گے جو وہ دیکھیں گے بہاریں زُلفِ جاناں کی
سنوارے جائیں گے گیسوِ ئے دوراں ہم نہیں ہوں گے
اگر ماضی منوّر تھا کبھی تو ہم نہ تھےحاضر
جو مُستقبل کبھی ہو گا درخشاں ہم نہیں ہوں گے
ہمارے دَور میں ڈالیں خِرد نے اُلجھنیں لاکھوں
جنوں کی مُشکلیں جب ہوں گی آساں ہم نہیں ہوں گے
نہ تھا اپنی ہی قسمت میں طلوعِ مہر کا جلوہ
سحر ہو جائے گی شامِ غریباں ہم نہیں ہوں گے
ہمارے ڈوبنے کے بعد اُبھریں گے نئے تارے
جبینِ دہر پہ جهٹکے گی افشاں ہم نہیں ہوں گے
ہمارے بعد ہی خونِ شہیداں رنگ لائے گا
یہی سُرخی بنے گی زیبِ عُنواں ہم نہیں ہوں گے
جوانو اَب تمہارے ہاتھ میں تقدیرِ عالم ہے
تُمہیں ہو گے فروغِ بزمِ امکاں ہم نہیں ہوں گے

عبدالمجید سالک 13 یا 14 دسمبر 1894 کو بٹالہ ضلع گورداسپور میں پیدا ہوئے۔ انکے والد کا نام منشی غلام قادر تھا۔ ابتدائی تعلیم پٹھان کوٹ میں حاصل کی۔ انہوں نے اپنی چند ابتدائی غزلیں 1910 میں ( عمر16 سال) مرزا داغ دہلوی کے ایک شاگرد رسارامپوری کو دکھائیں لیکن 1912 کے آغاز میں رسا کا انتقال ہو گیا۔ اسکے بعد کسی اور سے اصلاح نہیں لی۔ 22 جون 1911 کو لندن میں شہنشاہ جارج پنجم کی تاج پوشی ہوئی۔ اسی دن ہندوستان میں بھی جلسے ہوئے۔ تحصیلدار کی فرمائش پر اس سلسلے میں پٹھان کوٹ کے جلسے میں انہوں نے بھی ایک نظم پڑھی۔ 10 مئی 1912 کو ان کی شادی ہو گئی۔
شفیع عقیل کیساتھ ایک انٹرویو میں مولانا عبدالمجید سالک نے کہا:۔ فنون لطیفہ سے مجھے مصوری، موسیقی، سنگ تراشی کسی کا شوق نہیں رہا۔ شاعر کے ساتھ بھی یوں ہی سا تعلق رہا۔ صحافت ہر چیز پر غالب آ گئی۔ ڈاکٹر اقبال اور مولانا ابوالکلام آزاد دونوں نظرونثر کے امام تھے۔ انہوں نے میرے ذوق پر بھی اثر ڈالا اور حسیات اسلامی کو بھی تقویت بخشی۔ میں ادب میں جمود کا قائل نہیں۔
وہ 27 دسمبر 1959 کو لاہور میں وفات پا گئے۔
…..
جناب عبد المجید سالکؔ
(ولادت: 31 دسمبر 1894ء – وفات: 27 ستمبر 1959ء)