معروف مزاحیہ شاعر جناب عبیر ابوذری کی وفات
Dec 07, 1997
عبیر ابوذری مزاحیہ شاعری کے بے تاج بادشاہ تھے جو آج بھی لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں— آپ کا اصل نام شیخ عبد الرّشید تھا— وہ ۱۹۱۴ء میں جنڈیالہ گرو، ضلع امرتسر میں پیدا ہوئے— آپ نے صرف پرائمری تک تعلیم حاصل کی— تقسیمِ ہند کے بعد آپ پاکستان آ گئے اور گوجرانوالہ میں مقیم ہوئے— بعد ازاں انہوں نے لائلپور (موجودہ فیصل آباد) میں رہائش اختیار کی اور پھر ساری زندگی وہیں بسر کی—
جناب عبیر ابوذری کی طبیعت میں سادگی، درویشی اور قناعت تھی جس کا عکس انکی شاعری میں بھی نظر آتا ہے— ان کے اشعار میں عام لوگوں کے دکھ سکھ نظر آتے ہیں— بابا جی کی شاعری سن کر پہلے تو ہنسی آتی ہے مگر جب ان پر غور کریں تو آنکھیں بھیگ سی جاتی ہیں اور یہی بابا جی کی شاعری کا کمال ہے— انکی سب سے زیادہ مشہور غزل "مسلسل” ہے جسے بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی—
آپ کی شاعری کی چار کتب "پانی وچ مدھانی”، "جلیبیاں”، "رخصتی” اور "پاپڑ کرارے” شائع ہوئیں— اپنی شاعری پر آپ نے ۱۹۹۴ء میں ‘مسعود کھدر پوش’ ایوارڈ بھی حاصل کیا—
پیرانہ سالی کے باوجود خود خوش رہنے اور دوسروں کو ہنسانے والے عبیر ابوذری ۷ دسمبر ۱۹۹۷ء کو کبیروالا میں انتقال کر گئے اور فیصل آباد میں آسودۂ خاک ہوئے—
رویا ہوں تری یاد میں، دن رات مسلسل
ایسے کبھی ہوتی نہیں برسات مسلسل
کانٹے کی طرح ہوں میں رقیبوں کی نظر میں
رہتے ہیں میری گھات میں چھ سات مسلسل
چہرے کو نئے ڈھب سے، سجاتے ہیں وہ ہر روز
بنتے ہیں مری موت کے، آلات مسلسل
اجلاس کا عنوان ہے، اخلاص و مروَّت
بد خوئی میں مصروف ہیں، حضرات مسلسل
ہم نے تو کوئی چیز بھی، ایجاد نہیں کی
آتے ہیں نظر ان کے، کمالات مسلسل
کرتے ہیں مساوات کی، تبلیغ وہ جوں جوں
بڑھتے ہی چلے جاتے ہیں، طبقات مسلسل
ہر روز کسی شہر میں، ہوتے ہیں دھماکے
رہتی ہے مرے دیس میں، شبِ برات مسلسل
ہر روز وہ ملتے ہیں، نئے روپ میں مجھ کو
پڑتے ہیں مری صحت پر، اثرات مسلسل

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔