پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

معروف فلمی شاعر مسرور انور کی وفات Apr 01, 1996 …

معروف فلمی شاعر مسرور انور کی وفات
Apr 01, 1996

یکم اپریل 1996ء کو پاکستان کے معروف فلمی شاعر مسرور انور لاہور میں وفات پاگئے اورکریم پارک، علامہ اقبال ٹائون کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہوئے۔
مسرور انور کا اصل نام انور علی تھا اور وہ 6 جنوری 1944ء کو شملہ میں پیدا ہوئے تھے۔ قیام پاکستان کے بعد انہوں نے کراچی میں سکونت اختیار کی۔ میٹرک کے بعد انہوں نے پی آئی اے میں ملازمت اختیار کرلی مگر پھر شاعری کا شوق انہیں ریڈیو پاکستان لے آیا جہاں انہوں نے بطور اسٹاف آرٹسٹ خدمات انجام دینا شروع کیں۔ ریڈیو پاکستان پر اداکار ابراہیم نفیس کے توسط سے ان کی ملاقات فلم ساز اور ہدایت کار اقبال شہزاد سے ہوئی جنہوں نے انہیں فلم بنجارن کے نغمے لکھنے کی پیشکش کی۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد مسرور انور نے فلم شرارت اور بدنام کے گیت لکھے اور پھر وحید مراد، پرویز ملک اور سہیل رعنا کی ٹیم کا حصہ بن گئے جن کے ساتھ انہیں ہیرا اور پتھر، ارمان، احسان اور دوراہا کے نغمات لکھنے کا موقع ملا، بعدازاں وہ لاہور منتقل ہوگئے جہاں انہوں نے نثار بزمی کی موسیقی میں بے شمار فلموں کے لئے لازوال گیت تخلیق کئے۔ ان کی ان فلموں میں لاکھوں میں ایک، ناگ منی، پہچان، صاعقہ، عندلیب، آگ، انجمن، شمع اور پروانہ، انیلا، انمول اور آسرا کے نام سرفہرست ہیں۔ انہوں نے کئی فلموں کی کہانیاں اور مکالمے بھی تحریر کئے اور چند فلموں کی ہدایات بھی دیں۔ ان کی ایسی ہی ایک فلم سوغات پاکستان کی شاہکار فلموں میں شمار ہوتی ہے۔
مسرور انور کی ایک اور پہچان ان کے لکھے ہوئے قومی نغمے ہیں۔ سوہنی دھرتی اللہ رکھے قدم قدم آباد تجھے، اپنی جان نذر کروں، وطن کی مٹی گواہ رہنا، جگ جگ جیے مرا پیارا وطن اور ہم سب لہریں، کنارا پاکستان ان کے ایسے ہی یادگار قومی نغمات میں شامل ہیں۔
مسرور انور نے7 نگار ایوارڈز حاصل کئے۔ حکومت پاکستان نے انہیں ان کی وفات کے بعد صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔
منتخب کلام
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہم کو کس کے غم نے مارا یہ کہانی پھر سہی
کس نے توڑا دل ہمارا یہ کہانی پھر سہی

دل کے لٹنے کا سبب پوچھو نہ سب کے سامنے
نام آۓ گا تمھارا یہ کہانی پھر سہی

نفرتوں کے تیر کھا کر دوستوں کے شہر میں
ہم نے کس کس کو پکارا یہ کہانی پھر سہی

کیا بتائیں پیار کی بازی وفا کی راہ میں
کون جیتا کون ہارا یہ کہانی پھر سہی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اپنی جاں نذر کروں اپنی وفا پیش کروں
قوم کے مرد مجاہد تجھے کیا پیش کروں

تو نے دشمن کو جلا ڈالا ہے شعلہ بن کے
ابھرا ہرگام پہ فتح کا نعرہ بن کے
اس شجاعت کا کیا میں تجھے صلہ پیش کروں
اپنی جاں نذر کروں اپنی وفا پیش کروں
قوم کے مرد مجاہد تجھے کیا پیش کروں

عمر بھر تجھ پہ خدا اپنی عنایت رکھے
تیری جرات تیری عظمت کو سلامت رکھے
جذبہ شوق شہادت کی دعا پیش کروں
اپنی جاں نذر کروں اپنی وفا پیش کروں
قوم کے مرد مجاہد تجھے کیا پیش کروں

دل میں پیدا کیا اک جذبہ تازہ تو نے
میرے گیتوں کو نیا حوصلہ بخشا تو نے
کیوں نا جبھ کو انہی گیتوں کی نوا پیش کروں
اپنی جاں نذر کروں اپنی وفا پیش کروں
قوم کے مرد مجاہد تجھے کیا پیش کروں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوہنی دھرتی سوہنی دھرتی
اللہ رکھے
قدم قدم آباد
قدم قدم آباد تجھے
سوہنی دھرتی سوہنی دھرتی اللہ رکھے