معروف شاعر فضا ابن فیضی کا یوم پیدائش ہے۔ July 01,…
معروف شاعر فضا ابن فیضی کا یوم پیدائش ہے۔
July 01, 1823
فیض الحسن فضا ابن فیضی یکم جولائی 1923ء میں شعر و صنعت کے شہر مئو کے ایک علمی خانوادے میں پیدا ہوۓ۔فضا کے دادا مولانا ابو المعالی محمد علی فیضی اپنے دور کے مشہور عالم دین،شعر و ادب کے دلدادہ اور صاحب تصانیف بزرگ تھے۔علامہ سید نذر حسین دہلوی کے شاگرد تھے۔بنگال و بہار میں ان کی دعوتی خدمات کے مثبت اثرات کا اعتراف اہل علم آج بھی کرتے ہیں۔فضا کے والد مولانا ابو الفیض منظور حسن بھی اسلامی علوم کے فاضل تھے لیکن انہوں نے تدریس کی بجاۓ تجارت کو اپنا شعار بنایا اور علم و ادب سے بھی رشتہ استوار رکھا۔فضا نے اپنے اس علمی و ادبی بس منظر کا اعتراف نہایت خوبصورت انداز میں کیا ہے”اکثر غور کرتا ہوں کہ میں ایسے درخت کی شاخ ہوں جس کی جڑیں علم و ادب کے عناصر نشو نمو سے پورے طور پر آسودہ رہی ہیں۔علوم عقلیہ و نقلیہ کے علاوہ شعر و ادب کا خمیر بھی مبداء فیاض نے ان میں شامل کر دیا ہے۔
فضا نے ابتدائی تعلیم جامعہ عالیہ عربیہ (مئو) سے حاصل کی تکمیل و فراغت کے مرحلے جامعہ اسلامیہ فیض عام (مئو) میں طے کۓ
مولانا محمد سلیمان، مولانا محمد احمد،مولانا عبداللہ شائق اور مولانا عبدالرحمٰن جیسے ثقہ اور باصلاحیت عما ان کے اساتذہ تھے۔جن میں بعض اسلامی علوم پر دسترس رکھنے کے ساتھ شعر و ادب کا بھی ذوق رکھتے تھے۔فضا کی پوری تعلیم روایتی طرز کی ہوئی تھی۔انہوں نے انگریزی زبان سیکھنے کی کوشش کی مگر بات نہیں بنی۔تعلیم کے بعد تجارت میں والد صاحب کا ہاتھ بٹایا۔
فضا نے غزل،نظم اور رباعی تینوں اصناف سخن سخن میں لکھا ہے اور خوب لکھا ہے،کم و کیف دونوں لحاظ سے ان کا کلام اردو شاعری میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔
17 جنوری 2009 کو تقریبآ ساڑھے چار بجے اردو کے معروف شاعر فضا ابن فیضی اپنے وطن مئو میں انتقال کر گۓ تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سنبھالے پلکوں پہ قندیل جاں اکیلا ہوں
ہزار رشتے ہیں گو درمیاں اکیلا ہوں
دیارِ عمر میں آباد ہوں کھنڈر کی طرح
کہوں یہ کس سے مکاں در مکاں اکیلا ہوں
میرے حساب میں اپنا خسارہ بھی لکھ دو
کہ میں ہی شہر میں صاحبِ زیاں اکیلا ہوں
…..