مشہور شاعِر سُرُورؔ بارہ بنکوی کے یومِ وفات پر????????????????
فصلِ گُل کیا کر گئی آشُفتہ سامانوں کے ساتھ
ہاتھ ہیں اُلجھے ہُوئے اب تک گرِیبانوں کے ساتھ
کاروانِ شوق تو نکلا تھا ارمانوں کے ساتھ
ہے وہی صحرا نوردی اب بھی دیوانوں کے ساتھ
دیکھنا ہے تا بہ منزِل ہم سفر رہتا ہے کون
یوں تو اِک عالم چلا ہے آج دیوانوں کے ساتھ
پیرِ میخانہ کی اِک لغزش کا حاصِل کُچھ نہ پوچھ
زِندگی ہے آج تک گردِش میں پیمانوں کے ساتھ
اِن حسیں آنکھوں سے اب للّٰہ آنسُو پونچھ لو
تُم بھی دیوانے ہوئے جاتے ہو دیوانوں کے ساتھ
زِندگی نذرِ حرم تو کر چُکے لیکن سُرُورؔ
ہے عقیدت کا وہی عالم صنم خانوں کے ساتھ
سُرُورؔ بارہ بنکوی
از:-سنگِ آفتاب ص ۱۵۱/۱۵۲
اِنتِخاب
سفیدپوش

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔