پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مسدسِ حالی ایک صاحب کسی اسکول میں نئے نئے استاد …

مسدسِ حالی

ایک صاحب کسی اسکول میں نئے نئے استاد ہو کر گئے انہوں نے اپنی جماعت کے لڑکوں کی معلومات کا امتحان لینے کے لئے پوچھا ” بتاؤ مسدسِ حالی کس نے لکھی ” جماعت کے سب لڑکے خاموش ہو گئے اور کوئی نہ بولا تو ماسٹر صاحب نے ایک لڑکے سے کہا جو سب سے پیچھے بیٹھا تھا اور چھپنے کی کوشش کر رہاتھا ” تم بتاؤ مسدسِ حالی کس نے لکھی اب ماسٹر صاحب کو غصہ آنے لگا تھا کہ لڑکے اتنی سی بات بھی نہیں جانتے ۔
لڑکے نے ڈرتے ڈرتے کہا ” جی ماسٹر صاحب میں نے نہیں لکھی ” یہ سن کر ماسٹر صاحب کو اور غصہ آیا اور انہوں نے بڑھ کر لڑکے کو ایک چانٹا مارا ۔ لڑکا روتا جاتا اور کہتا جاتا تھا ” جی ماسٹر صاحب میں نے نہیں لکھی ۔ ”
اتفاق سے درجہ کے سامنے سے ایک اور استاد گزر رہے تھے انہوں نے جو ایک لڑکے کو پٹتے دیکھا تو نئے ماسٹر صاحب سے پوچھا کہ کیا بات ہے ۔ ماسٹر صاحب نے انہیں بتایا کہ کس طرح یہ لڑکا اتنی بات نہیں جانتا ۔ یہ ماسٹر صاحب کئی سال سے اسکول میں پڑھا رہے تھے بولے ” ماسٹر صاحب یہ لڑکا بڑا بدمعاش ہے ۔ میں اسے خوب جانتا ہوں اسی نے لکھی ہوگی جھوٹ بولتا ہے ۔ ” ابھی ان کی بات ختم نہ ہوئی تھی کہ ہیڈ ماسٹر صاحب ادھر سے گزرے ان کو جو معلوم ہوا تو انہوں نے بھی غصے میں پوچھا ” بتاؤ مسدسِ حالی کس نے لکھی ؟ ” لڑکا رونے لگا اور ہاتھ جوڑ کر بولا ” نہیں ماسٹر صاحب میں نے نہیں لکھی ۔ ” اب تو ہیڈ ماسٹر صاحب کو بے حد غصہ آیا اور انہوں نے اس لڑکے کے بیت مارنی شروع کر دی اور کہا کہ ”جب تک قبول نہ لو گے نہ چھوڑوں گا ” آخر تنگ آکر لڑکے نے کہا ” جی ماسٹر صاحب میں نے لکھی ہے ، اب نہ لکھوں گا ۔ ”
ہیڈ ماسٹر صاحب مسکراۓ اور بولے ” دیکھا نا یہ لڑکا بڑا شریر ہے ۔ مار کھائے بغیر سچ نہ بولا ۔ ” پھر لڑکے سے بولے ‘ اچھا بیٹھ جاؤ ۔ اب مت لکھنا ۔ ” لڑکے نے آنسو پوچھتے ہوۓ کہا ” جی اچھا ”

ہفت روزہ آئینہ 17جولائ 1955

انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی