پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مدینہ منورہ کی ایک خوبصورت بات یہ بیان کی جاتی ہے کہ وہاں اگر کوئی اجنبی نظر آ ج…

مدینہ منورہ کی ایک خوبصورت بات یہ بیان کی جاتی ہے کہ وہاں اگر کوئی اجنبی نظر آ جائے تو محبت سے اسے “محمد” کہہ کر پکارا جاتا ہے اور اپنے ساتھی کو “صدیق” کہا جاتا ہے۔ یوں گویا یہ دنیا کا وہ منفرد شہر ہے جہاں ہر مہمان محمد اور ہر رفیق صدیق کہلاتا ہے۔

انصار نے جس عقیدت اور اخلاص کے ساتھ حضور نبی اکرم ﷺ کی میزبانی کی تھی، آج بھی ان کی نسلوں میں وہی جذبہ زندہ دکھائی دیتا ہے۔ رمضان المبارک میں پورا مدینہ کھانے پینے کی اشیاء لے کر مسجد نبوی کا رخ کرتا ہے۔ صحنوں میں دسترخوان بچھا دیے جاتے ہیں، اور میزبانوں کے بچے ستونوں اور دروازوں کے پاس کھڑے ہو کر آنے والے مہمانوں کو افطار کی دعوت دیتے ہیں۔ جو مہمان دعوت قبول کر لے اس کے میزبان کے چہرے پر خوشی جھلکنے لگتی ہے، اور اگر انکار ہو جائے تو آنکھیں نم ہو جاتی ہیں۔

ایسا ہی ایک منظر یوں بیان ہوتا ہے کہ مسجد نبوی میں داخل ہوتے ہی ایک سات آٹھ سال کا بچہ لپٹ گیا اور محبت سے کہنے لگا: “چچا، آپ میرے ساتھ افطار کریں گے؟” اس معصوم اپنائیت نے دل کو ہلا دیا۔ بے اختیار خیال آیا کہ واقعی یہی وہ لوگ تھے جو اس سعادت کے حق دار تھے کہ رسول اللہ ﷺ اللہ کے گھر سے ہجرت فرما کر ان کے ہاں قیام پذیر ہوئے اور پھر وہیں آرام فرما گئے۔

روضۂ اطہر کے قریب ایک دروازہ ہے جسے بابِ جبرائیل کہا جاتا ہے۔ رسول اللہ ﷺ ام المؤمنین عائشہ بنت ابی بکر رضی اللہ عنہا کے حجرے میں قیام فرماتے تھے۔ افطار کے وقت سادہ سا دسترخوان بچھتا، چند کھجوریں اور دودھ کا ایک پیالہ رکھا جاتا۔ جب اذان کا وقت قریب آتا تو آپ ﷺ دریافت فرماتے کہ باہر بابِ جبرائیل کے پاس کوئی مسافر تو نہیں۔ اگر عرض کیا جاتا کہ جی ہاں، ایک مسافر موجود ہے، تو وہی کھجوریں اور دودھ اس کے پاس بھیج دیے جاتے۔

بابِ جبرائیل کے قریب کھڑے ہو کر دل پر عجب کیفیت طاری ہو جاتی ہے۔ خیال آتا ہے کہ آج بھی رمضان ہے، ابھی اذان ہوگی، اور شاید آج بھی یہ سوال ہو کہ باہر کوئی مسافر تو نہیں۔ اور کوئی عرض کرے کہ یا رسول اللہ ﷺ باہر ایک تھکا ہارا، شرمسار مسافر بیٹھا ہے—مانگنے کی ہمت نہیں رکھتا، مگر امید لے کر آیا ہے۔

یہ سوچ کر دل آنکھ بن جاتا ہے اور آنکھیں آنسو۔

منتخب



Source