محشرؔ بدایونی
کسی عالَم میں، کسی راہگُذر سے گُزرے
آدمی خالقِ منزِل ہے، جِدھر سے گُزرے
راہِ میخانہ تھی، پِھر بھی نہ اُدھر سے گُزرے
کم نظر تھےجو غَمِ شام و سَحر سے گُزرے
اِشتیاق اِتنا، کہ وہ روز اِدھر سے گُزرے
احتیاط اِتنی کہ کھنچ کھنچ کے نظر سے گُزرے
میری بیتاب نِگاہی کا مِلے کُچھ تو جواب
جلوہ مُمکِن نہیں پردہ ہی نظر سے گُزرے
رنگ وبُو، زمزمہ و رقص و شباب و مستی
زندگی ہوگئی پیدا ، وہ جِدھر سے گُزرے
شام سے جلتے رہے یُوں تو بہت پروانے!
قسمت اُن کی جو گلے مِل کے سَحر سے گُزرے
جامِ لبریز سے، ساقی! وہ تہی جام اچّھے
جو، تِری خاص توجّہ کی نظر سے گُزرے
کون پُرسانِ شکستِ دِلِ غُنچہ ،محشرؔ!
خندہ ہائے لَبِ گُل، سب کی نظر سے گُزرے
محشرؔ بدایونی

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔