مجھے یہ غم نہیں آئندگی کا کیا ہوگا
سوال یہ ہے کہ ”اب“ اور ”ابھی“ کا کیا ہوگا
کسی کو مجھ سے محبت نہیں، نہ ہو لیکن
جو میری ذات میں ہے اس کمی کا کیا ہوگا
ترے حساب میں زندہ رہوں یہ ناممکن
مرے نصیب کی آسودگی کا کیا ہوگا
میں اس کو دیکھتا رہتا ہوں اور سوچتا ہوں
تمام عمر کی وابستگی کا کیا ہوگا
مرے مکاں میں چلو تم نے روشنی کردی
جو شہر شہر ہے اس تیرگی کا کیا ہوگا
میں خود سے گفتگو کرنا تو چھوڑ دوں لیکن
سوال کرتی ہوئی خامشی کا کیا ہوگا
مرے زمان و مکاں قید کر لیے تم نے
تو پھر بتاؤ مری زندگی کا کیا ہوگا
جو کام کی نہ ہو اس شے کو پھینک دیتے ہیں
اگر یہ سچ ہے تو موجودگی کا کیا ہو گا
اسے تو اب بھی مرا انتظار ہے محسن
جواز اس سے زیادہ خوشی کا کیا ہوگا
(محسن اسرار)
المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی
جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔