پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ماہ پارہ صفدر …. یوں غم ذات کے نصاب میں ہوں گویا…

ماہ پارہ صفدر
….
یوں غم ذات کے نصاب میں ہوں
گویا بے نام اک عتاب میں ہوں

تم کبھی جو کتاب زیست پڑھو
مجھ کو پڑھنا ادھورے باب میں ہوں

کانچ کے گھر تو یوں ہی ٹوٹتے ہیں
پھر بھلا کیوں میں اضطراب میں ہوں

جس کو پڑھنا نہیں گوارہ تمہیں
بانج لفظوں کی اس کتاب میں ہوں

چھین لو سب بصارتیں میری
ان کے ہی حلقہ عذاب میں ہوں

مجھ کو محسوس کرکے دیکھ ذرا
میں وہ خوشبو کہ جو گلاب میں ہوں
…….
ساتھ ہے اس کا سُر کی دنیا ساتھی ہے آواز
ہم نے اپنی آنکھوں سے خود دیکھی ہے آواز

کاش تمہارے دل میں بھی اک ساتھ اُتر جاتی
میری سوچ کے دریا سے جو اُٹھی ہے آواز

جنگل جنگل پھیل رہی ہوتی ہے اک خوشبو
نرم ملائم جھیلوں میں جب اُگتی ہے آواز

اس سے میرا رشتہ سب رشتوں سے بڑھ کر ہے
میں تو تھک کر سو جاتی ہوں جاگتی ہے آواز

یہ تو سچ ہے ماہ پارہ میں بول نہیں سکتی
لیکن میرا پیچھا کرتی رہتی ہے آواز