پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مال و زر کے کسی انبار سے کیا لینا ہے ع…

مال و زر کے کسی انبار سے کیا لینا ہے
عشق کو گرمیءِ بازار سے کیا لینا ہے

تیرے کنبے کی وراثت سے ہمیں کیا مطلب؟
تجھ سے مطلب ہے پر یوار سے کیا لینا ہے

عمر بھر ساتھ نبھانا ہے تو پھر بات کرو
ہم کو مہمان اداکار سے کیا لینا ہے

کونسے ہم بھی فرشتے ہیں کہ تجھ کو جانچیں
تیری سیرت، ترے کردار سے کیا لینا ہے

جھونپڑی اپنی بنا لیں گے کسی گوشے میں
قصرِ شاہی! ترے معمار سے کیا لینا ہے

اپنے اشکوں کے لیے جیب میں رومال رکھو
کام اپنا کسی غمخوار سے کیا لینا ہے

برف باری کا وہ شیدائی ہے ساجد اس کو
تیرے جلتے ہوئے اشعار سے کیا لینا ہے

اعتبار ساجد

از:-اِک عشق ضروری ہے ص ۱۹۷/۱۹۸

اِنتِخاب
سفیدپوش