پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

لوگ جیتے ہیں کس طرح اجملؔ ہم سے ہوتا نہیں گزارا ب…

لوگ جیتے ہیں کس طرح اجملؔ
ہم سے ہوتا نہیں گزارا بھی
…
اجملؔ سراج کا یومِ ولادت
14؍اگست 1968

نام اجمل سراج تخلص اجملؔ ہے۔ وہ ١٤؍اگست ١٩٦٨ء کو کراچی پاکستان میں پیدا ہوئے۔ مقامی اسکول سے تعلیم حاصل کی اور نو عمری سے ہی شعر و ادب سے دلچسپی رکھتے تھے۔ ان کی تصنیف کردہ غزلوں کا مجموعہ کلام ” اور میں سوچتا رہ گیا “ کے نام سے شائع ہو چکا ہے ۔

منتخب کلام
…..
دکھا دوں گا تماشا دی اگر فرصت زمانے نے
تماشائے فراواں کو فراواں کر کے چھوڑوں گا
..
یہ بھی طے ہے کہ جو بوئیں گے وہ کاٹیں گے یہاں
اور یہ بھی کہ جو کھوئیں گے وہی پائیں گے
….
اب آپ خود ہی بتائیں یہ زندگی کیا ہے
کرم بھی اس نے کئے ہیں مگر ستم جیسے
….
یہ اداسی کا سبب پوچھنے والے اجملؔ
کیا کریں گے جو اداسی کا سبب بتلایا
…
کچھ کہنا چاہتے تھے کہ خاموش ہو گئے
دستار یاد آ گئی سر یاد آ گیا
….
یہ جو ہم کھوئے کھوئے رہتے ہیں
اس میں کچھ دخل ہے تمہارا بھی
….
میں نے اے دل تجھے سینے سے لگایا ہوا ہے
اور تو ہے کہ مری جان کو آیا ہوا ہے
….
بس ایک شام کا ہر شام انتظار رہا
مگر وہ شام کسی شام بھی نہیں آئی
…
یہ خطۂ آراستہ، یہ شہرِ جہاں تاب
آ جائے گا ایک روز یہ ساحل بھی تہہِ آب

تصویرِ عمل، ذوقِ سفر، شوقِ فنا دیکھ
اک موج کہ ساحل کی طلب میں ہوئی سیماب

شاید یہ کوئی ریز ۂ دل ہے کہ سرِ چشم
مانندِ مہ وہ مہر چمکتا ہے تہہِ آب

اک عمر ہوئی پستیٔ ظلمت میں پڑا ہوں
دیکھو مجھے میں ہوں وہی ہم قریۂ مہتاب

دنیا تو نہیں ہے مگر آغوشِ طلب میں
اک بھولی ہوئی شکل ہے کچھ ٹوٹے ہوئے خواب

جُز دیدۂ دل کون تجھے دیکھ سکے ہے
محروم تری دید سے ہے منبر و محراب

اے ناظرِ ہر ذرّہ تری ایک نظر کو
آنکھیں ہیں سو بے نور ہیں، دل ہے سو ہے بے تاب
…..
میں نے اے دل تجھے سینے سے لگایا ہوا ہے
اور تو ہے کہ مری جان کو آیا ہوا ہے

بس اسی بوجھ سے دوہری ہوئی جاتی ہے کمر
زندگی کا جو یہ احسان اٹھایا ہوا ہے

کیا ہوا گر نہیں بادل یہ برسنے والا
یہ بھی کچھ کم تو نہیں ہے جو یہ آیا ہوا ہے

راہ چلتی ہوئی اس راہ گزر پر اجملؔ
ہم سمجھتے ہیں قدم ہم نے جمایا ہوا ہے

ہم یہ سمجھے تھے کہ ہم بھول گئے ہیں اس کو
آج بے طرح ہمیں یاد جو آیا ہوا ہے

وہ کسی روز ہواؤں کی طرح آئے گا
راہ میں جس کی دیا ہم نے جلایا ہوا ہے

کون بتلائے اسے اپنا یقیں ہے کہ نہیں
وہ جسے ہم نے خدا اپنا بنایا ہوا ہے

یوں ہی دیوانہ بنا پھرتا ہے ورنہ اجملؔ
دل میں بیٹھا ہوا ہے ذہن پہ چھایا ہوا ہے
…..
ہم اپنے آپ میں رہتے ہیں دم میں دم جیسے
ہمارے ساتھ ہوں دو چار بھی جو ہم جیسے

کسے دماغ جنوں کی مزاج پرسی کا
سنے گا کون گزرتی ہے شام غم جیسے

بھلا ہوا کہ ترا نقش پا نظر آیا
خرد کو راستہ سمجھے ہوئے تھے ہم جیسے

مری مثال تو ایسی ہے جیسے خواب کوئی
مرا وجود سمجھ لیجئے عدم جیسے

اب آپ خود ہی بتائیں یہ زندگی کیا ہے
کرم بھی اس نے کئے ہیں مگر ستم جیسے
……………