پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

لطف کا تیرے ملا ہے وہ سہارا بم کو اب تو ہر درد …

لطف کا تیرے ملا ہے وہ سہارا بم کو
اب تو ہر درد بے کچھ اور گوارا بم کو

تمکنت شعلہ فشاں اور تبسّم گُل بار
عشوہ ہائے بُتِ طنّاز نے مارا ہم کو

تُو نے جب سے اِسے شایانِ کرم سمجھا ہے
اور بھی اپنا جنوں ہو گیا پیارا ہم کو

ہر نظر شوق میں کرتی ہے ہزاروں سجدے
سامنے اُن کے کہاں شکوے کا یارا ہم کو

اپنا یہ شعلۂ بے باک کہاں لے جائیں؟
خس و خاشاک میں کرنا ہے گزارا ہم کو

جب ہجومِ غمِ دنیا سے ہوئیں بند آنکھیں
ناز سے تیری تجلّی نے پکارا ہم کو

چشمِ ساحل کو بھی تم موجۂ طوفاں سمجھے
ہم وہ سرکش کہ ہے طوفاں میں کنارا ہم کو

منزلیں کتنی ہی آتی ہیں، گزر جاتی ہیں
خلشِ عزمِ جنوں خیز نے مارا ہم کو

اپنے ساقی کے ہر اک جام میں ہے آبِ حیات
نگہِ لطف کا کافی ہے سہارا ہم کو

(آلِ احمد سرورؔ)


Comments

One response to “لطف کا تیرے ملا ہے وہ سہارا بم کو اب تو ہر درد …”

  1. بہت ہی کمال۔۔۔۔۔۔۔
    پہلی دو لائنوں میں آپ نے غلطی کی ہے ہم کے بجائے بم لکھ دیا ہے برائے مہربانی اس کو صحیح کر دیجیے

جواب دیں