قاہرہ کے ایک ماہ کے سفر سے کل واپس آئی ہوں۔ ایک گھنٹہ ہوا وہ عورت جسے میں نے گھر کی صفائی وغیرہ کے لیے بلایا تھا، اپنا کام ختم کرکے چلی گئی ہے۔ مجھے گھر میں کسی خادمہ کا وجود اچھا نہیں لگتا۔ وہ جب تک کام کرتی رہتی ہے، میرے لمحاتِ فراغت مکدّر رہتے ہیں۔ میں جب سے اپنے نئے مکان میں منتقل ہوئی ہوں اور تنہا رہنے لگی ہوں، میں نے دیکھا ہے کہ گھر کا کام کاج بہت آسان چیز ہے۔ کبھی کبھی البتہ میں ایک بد نظمی اور بے ترتیبی کی حالت میں رہنے لگتی ہوں، وہ ان دنوں جب میرے قلب و ذہن میں ایک نئی نظم کا منصوبہ جنم لیتا ہے۔
مجھے سفر بے حد پسند ہے۔ میرے نزدیک زندگی تین عناصر سے مرکب ہے: محبت، کتابیں اور سفر۔ میری نفسیاتی ترکیب اس تثلیت کے عین مطابق ہے۔ میں نے ان میں سے پہلی چیز کا تجربہ کیا ہے اور انتہائی گہرائی میں جاکر۔ رہی دوسری چیز تو وہ میری زندگی کا جزو لازم ہے اور تیسری چیز سفر سے بھی مجھے بہرۂ وافر ملا ہے۔ مجھے سیر و سفر سے جو کچھ حاصل ہوتا ہے وہ یہ کہ میرے اندر ہر اُس چیز کے لیے، جس کا تعلق انسان سے ہو، ایک دلچسپی اور آمادگی پیدا ہوتی ہے۔ سفر میرے اندر ایک انبساط پیدا کرتا ہے۔ میں اپنے آپ کو آزاد اور خود مختار محسوس کرتی ہوں اور مجھ میں اس زندگی کو شدت اور سرگرمی کے ساتھ بسر کرنے کی خواہش پیدا ہوتی ہے۔ ہر شہر کا اپنا رنگ و آہنگِ زندگی مجھ پر کیسا جادو کرتا ہے۔ بعض اوقات شہر ایک دوسرے سے کافی مختلف ہوتے ہیں۔ ہر جگہ انسان کا ایک نیا چہرہ سامنے آتا ہے، باوجود یہ کہ وہ اپنی اصل اور جبلت میں ہرجگہ وہی ہوتا ہے۔ احساسات اور خواہشات اور تمناؤں کا ایک مجموعہ، کامرانیوں اور نامرادیوں اور اُمید و یاس کے درمیان سر پٹکتا ہوا ۔۔۔۔۔۔ اس کی کشمکش کبھی ختم نہیں ہوتی۔
کیا کہنے اس چھوٹے سے وجود کے جسے "انسان" کہتے ہیں۔ اس کے پہلوؤں میں جو دنیا آباد ہے اس کی پہنائیوں کا کوئی ٹھکانا نہیں ہے؟
*
— معروف عرب شاعرہ فدویٰ طوقان کی ڈائری کا ایک ورق —
مشمولہ: عربی ادب میں مطالعے، تحقیق و ترجمہ : محمد کاظم، سنگِ میل پبلیکیشنز، لاہور۔
بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2868207020076479

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔