پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فضل احمد کریم فضلی کا یومِ پیدائش December 17, 198…

فضل احمد کریم فضلی کا یومِ پیدائش
December 17, 1981

شاعر اور ناول نگار فضل احمد کریم فضلی 4 نومبر 1906 کو بہرائچ (اترپردیش) میں پیدا ہوئے ۔ الہ آباد اور آکسفرڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ۔ بنگال میں کئی اہم سرکاری عہدوں پر فائز رہے۔ تقسیم کے بعد پاکستان چلے گئے اور حکومت مشرقی پاکستان میں سکریٹری محکمۂ تعلیمات کے طور پر اپنی خدمات انجام دیں۔ کچھ عرصے تک وزارت امور کشمیر کے سکریٹری بھی رہے۔ 1951 میں امریکی حکومت کی دعوت پر امریکہ کی مختلف یونیورسٹیوں میں مہمان لکچرر کے طورپر لکچر دئے۔ فضلی نے نظم اور نثر دونوں صورتوں میں اہم کارنے انجام دئے ۔ ان کے شعری مجموعے ’ نغمۂ زندگی ‘ ’ چشم غزال ‘ کے نام سے شائع ہوئے۔ فضلی کی شاعری کلاسیکی رچاؤ کے ساتھ نئے سماجی شعور سے بھی ہم آہنگ نظر آتی ہے ۔ انہوں نے بڑی مقدار میں قومی اور ملی موضوعات پر نظمیں بھی کہیں۔ ’ خون جگر ہونے تک ‘ اور ’ سحر ہونے تک ‘ ان کے ناول ہیں ۔ یہ ناول بھی فضلی کے ایک بیدار تخلیقی ذہن کا پتہ دیتے ہیں۔ ملازمت سے سبکدوش ہونے کے بعد فضلی نے کراچی میں رہ کر کئی فلمیں بھی بنائیں۔
17 دسمبر 1981 کو کراچی میں انتقال ہوا۔

آنکھوں کا تو کام ہی ہے رونا
یہ گریۂ بے سبب ہے پیارے
……
اہل ہنر کے دل میں دھڑکتے ہیں سب کے دل
سارے جہاں کا درد ہمارے جگر میں ہے
…….
فریب کرم اک تو ان کا ہے اس پر
ستم میری خوش فہمیاں اور بھی ہیں
……
غم دوراں میں کہاں بات غم جاناں کی
نظم ہے اپنی جگہ خوب مگر ہائے غزل
…..
ہے سخت مشکل میں جان ساقی پلائے آخر کدھر سے پہلے
سبھی کی آنکھیں یہ کہہ رہی ہیں ادھر سے پہلے ادھر سے پہلے
…..
ہمارے ان کے تعلق کا اب یہ عالم ہے
کہ دوستی کا ہے کیا ذکر دشمنی بھی نہیں
……
نقاب ان نے رخ سے اٹھائی تو لیکن
حجابات کچھ درمیاں اور بھی ہیں
….
غموں سے کھیلتے رہنا کوئی ہنسی بھی نہیں
نہ ہو یہ کھیل تو پھرلطف زندگی بھی نہیں

نہیں کہ دل تمنا میرے کوئی بھی نہیں
مگر ہے بات کچھ ایسی کہ گفتنی بھی نہیں

وہ کہہ رہے ہیں مجھے قتل کرکے اے فضلی
کہ ہم نہیں جو ترے قدر داں کوئی بھی نہیں

حسن ہر شے میں ہے گر حسن نگاہوں میں ہو
دل جواں ہوتو ہر اک شکل بھلی لگتی ہے

ادائیں ان کی سناتی ہیں مجھ کو میری غزل
غزل بھی وہ کہ جو میں نے ابھی کہی بھی نہیں