پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

( غیـــر مطبــوعــہ ) مرنے والے سے جلن ذرا سا غ…

( غیـــر مطبــوعــہ )

مرنے والے سے جلن

ذرا سا غم نہیں چہرے پہ ان کے
میاں ! سر پر کوئی رومال ہی رکھ لو
انھیں تو مَوت آ نا ہی نہیں ہے
وہی طعنے
وہی فقرے
ابھی تک میرا پیچھا کر رہے ہیں ہر جنازے میں
میں اپنی چال کی رفتار تھوڑی اور کم کر کے
نکل آتا ہوں باہر بھیڑ سے
اور رک کے اک دکّان پر سگرٹ جلاتا ہوں
جنازہ دور ہوتا جا رہا ہے
یہ سب کیا ہے ؟
اداکاری نہیں اتی مجھے تو کیا کروں میں
اور سچّی بات کہہ دوں تو مجھے پاگل سمجھ لے گی یہ دنیا
ہاں یہ سچ ہے
مجھے رتّی برابر غم نہیں ہوتا کسی کی مَوت کا
اور یہ بھی سن لو
مِری جس مسکراہٹ پر یہاں ناراض ہیں سب
سبب اِس کا جلن ہے
جو میں محسوس کرتا ہوں کسی بھی مرنے والے سے
کُڑھن ہوتی ہے مجھ کو سوچ کر
کہ میں جس امتحاں کے خوف سے بے حال اور بے چَین پھرتا ہوں
وہ یہ صاحب
جو کاندھوں پر ہیں
ان کا ہو چکا
اور میرا باقی ہے

( شــارِقؔ کیــفـی )